یہاں سینٹرل ریلوے کے ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر اسپتال نے کیو آر کوڈ پر مبنی ریئل ٹائم پیشنٹ فیڈ بیک سسٹم شروع کرکے صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کے دائرے میں ایک اہم سنگ میل حاصل کیا ہے۔
یہاں سینٹرل ریلوے کے ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر اسپتال نے کیو آر کوڈ پر مبنی ریئل ٹائم پیشنٹ فیڈ بیک سسٹم شروع کرکے صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کے دائرے میں ایک اہم سنگ میل حاصل کیا ہے۔ یہ ہندوستانی ریلوے کے اسپتالوں میں اٹھایا گیا پہلا ڈیجیٹل قدم ہے۔ یہ اعزاز ڈاکٹر امبیڈکر اسپتال کو حاصل ہوا۔ اس نظام کا افتتاح ڈاکٹر ممتا شرما نے کیا۔ اس موقع پر مریضوں کی سہولت کیلئے وقف ہیلپ ڈیسک خدمات بھی شروع کی گئیں۔ میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس کنکرایا، چیف سپرنٹنڈنٹ، ڈاکٹر بینا کماری، مختلف شعبوں کے سربراہان، ڈاکٹروں، نرسنگ اور پیرا میڈیکل اسٹاف اور اسپتال کے ملازمین اس موقع پر موجود رہے۔ ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے ہمدردانہ، مریض پر مرکوز اور ٹیکنالوجی سے چلنے والی صحت کی دیکھ بھال کی خدمات فراہم کرنے کیلئے اسپتال انتظامیہ کی کاوش کو سراہا گیا۔ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ اس ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے مریض اور ان کے اٹینڈنٹ اپنے موبائل فون کا استعمال کرتے ہوئے ایک کیو آر کوڈ اسکین کر سکتے ہیں تاکہ اسپتال کی طرف سے فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں آگاہ رہنے کے ساتھ فوری طور پر اپنی رائے درج کر سکیں۔ اس اقدام سے صحت کی دیکھ بھال کی خدمات میں شفافیت کو فروغ دینے، مریضوں کی شمولیت کو مضبوط بنانے اور اسپتال انتظامیہ کو بروقت فیڈ بیک فراہم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ اس ضمن میں موصول ہونے والی تجاویز اور آراء کی بنیاد پر اصلاح اور بہتری کی ضرورت والے شعبوں کی نشاندہی کی جا سکتی ہے اور فوری اصلاحی اقدامات کئے جا سکتے ہیں۔ اس طرح صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کے معیار میں مسلسل بہتری کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

