چٹان کھسکنے کا دردناک سانحہ، زیر تعمیر سرنگ دھنس گئی ، ۳؍ ہلاک ، کئی مزدور دب گئے، بچاؤ کام میں دشواریاں
کیرالا میں پرینکا گاندھی کے پارلیمانی حلقہ وائناڈ میں مپاڈی کے قریب کلادی علاقے میں منگل کو ایک زیر زمین سڑک پروجیکٹ کے قریب بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ میں کم از کم۳؍ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ خبر لکھے جانے تک ۵؍ افراد کے لاپتہ ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ یہ حادثہ میناکشی پل کے قریب پیش آیا، جہاں ملاپورم اور وائناڈ اضلاع کو جوڑنے والے سرنگ پر کام جاری ہے۔ضلع انتظامیہ کے مطابق حادثے سے مجموعی طور پر۱۸؍افراد متاثر ہوئے۔ ۳؍افراد ہلاک اور ۱۰؍ زخمی ہوئے ہیں جبکہ ۵؍ لاپتہ ہیں۔ ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ حادثہ کے وقت تعمیراتی مزدور موجود نہیں تھے۔ ملبہ میں دبنے والے افراد انجینئرس اور سیکوریٹی عملہ کے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگر چٹان کھسکنے کے وقت تعمیراتی کام جاری ہوتا تو جانی نقصان کہیں زیادہ ہوتا۔ مزدوروں کو لانے لے جانے کیلئے استعمال ہونے والی بس لینڈ سلائیڈنگ کے باعث قریبی دریا میں جا گری۔ وزیراعلیٰ وی ڈی ستیشن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ حادثہ ٹھیکیداروں کی غفلت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ تعمیرات کی وارننگ کے باوجود تعمیراتی مقام کے قریب جمع مٹی کو نہیں ہٹایا۔انہوں نے بتایا کہ ''اس علاقے کی مٹی کی نوعیت مختلف ہے۔ کھدائی سے نکالی گئی مٹی وہیں ڈھیر کر دی گئی تھی، جو غیر مستحکم تھی۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی نے مٹی کو ہٹانے کی ہدایت دی تھی مگر ایسا نہیں کیاگیا جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔''

