Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
برطانیہ کے فوجی اڈے ہمارے نشانے پر ہیں، روس کا انتباہ

برطانیہ کے فوجی اڈے ہمارے نشانے پر ہیں، روس کا انتباہ

The Inquilab 2 weeks ago

یوکرین کو میزائلوں کی فراہمی پر روس برہم، کہا کہ لندن نے اپنی جارحانہ پالیسی ترک نہ کی تو اس کے تباہ کن نتائج نکلیں گے۔

یوکرین کوبرطانوی میزائلوں کی فراہمی پر روس نےاس کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔ میڈیا کے مطابق روس نے برطانیہ کو سخت الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ اگر یوکرین نے روسی سرزمین پر حملوں کے لئے طویل فاصلے تک مار کرنے والے برطانوی کروز میزائل استعمال کئے تو ماسکو یوکرین کے اندر اور باہر موجود تمام برطانوی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریہ زاخارووا نے ماسکو میں پریس بریفنگ کے دوران یہ انتباہ جاری کیا جسے برطانیہ کے خلاف روس کا اب تک کا سب سے سخت ردعمل قرار دیا جا رہا ہے۔انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ برطانیہ روسی شہریوں کے خلاف ہونے والی ان کارروائیوں میں شریک جرم بننے کے بالکل قریب پہنچ چکا ہے اور اگر اس نے اپنی جارحانہ پالیسی ترک نہ کی تو اس کے تباہ کن نتائج نکلیں گے۔

روسی ترجمان کا کہنا تھا کہ برطانوی ہتھیاروں کے ذریعے روسی سرزمین کو نشانہ بنائے جانے کے ردعمل میں یوکرین کے اندر یا اس کی سرحدوں کے باہر موجود کسی بھی برطانوی فوجی ہدف اور سازوسامان کو نیست و نابود کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے برطانوی قیادت کو مشورہ دیا کہ وہ صورتحال کی سنگینی کا ادراک کرے اور اس خطرناک پالیسی کو فوری طور پر ترک کر دے جو تنازع کو ایک انتہائی خطرناک سطح پر لے جا رہی ہے۔یہ کشیدہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب روس نے الزام عائد کیا تھا کہ یوکرین نے مشرقی یوکرین کے روسی زیرِ کنٹرول شہر ڈونیٹسک کے ایک شاپنگ سینٹر پر برطانوی ساختہ 'اسٹارم شیڈو' میزائل داغے ہیں جس کے نتیجے میں بچوں سمیت کئی شہری زخمی ہوئے۔واضح ہو کہ اس سے قبل برطانوی قیادت کی جانب سے یوکرین کو ایسی ٹیکنالوجی فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جس کی مدد سے یوکرین طویل فاصلے تک مار کرنے والے 'اسٹارم شیڈو' کروز میزائلوں کی مقامی سطح پر تیاری شروع کر سکے۔

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: The Inquilab