امریکی ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا کے چین سےمبینہ کاروباری روابط سے متعلق تنازع برقرار ہے جس کے تعلق سے دو امریکی سینیٹر ز نے ٹرمپ انتظامیہ کو خط لکھ کر مذکورہ کمپنی کے تما م ریکارڈز محفوظ رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔
دو ڈیموکریٹک سینیٹرز نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا سے متعلق تمام ریکارڈز کو محفوظ رکھے۔ انہوں نے یہ سوال اٹھایا ہے کہ کمپنی کے کاروباری روابط پر تحفظات کے باوجود جدید ترین مصنوعی ذہانت (اے آئی ) کی چپس کو مبینہ طور پر چین سے جڑی کمپنیوں تک پہنچنے سے کیوں نہیں روکا گیا۔ سینیٹر الزبتھ وارن اور کرس کونز نے انتظامیہ کے تین اعلیٰ عہدیداروں سے کہا ہے کہ وہ اس چپ ساز کمپنی، اس کے سی ای او جینسن ہوانگ اور ایک مشتبہ چینی انٹیلی جنس اہلکار کے ساتھ ان کے مبینہ روابط سے متعلق دستاویزات محفوظ رکھیں۔
ان سینیٹرز کا یہ خط بدھ کو وزیرِ خارجہ مارکو روبیو، وہائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف اسٹیفن ملر اور وزیرِ تجارت ہاورڈ لٹنک کو بھیجا گیا۔ دونوں سینیٹرز نے ان الزامات کے قومی سلامتی پر پڑنے والے اثرات کے حوالے سے وضاحت بھی طلب کی ہے۔اس خط میں ایک نام جو نمایاں طور پر شامل ہے وہ میگا اسپیڈہے۔ اطلاعات کے مطابق سنگاپور میں قائم اس کمپنی نے جون ۲۰۲۴ء سے اب تک ۸ء۴؍ ارب ڈالر سے زائد مالیت کی جدید این ویڈیا اے آئی چپس خریدی ہیں۔ امریکی محکمہ انصاف اس بات کی تحقیقات کر رہا ہے کہ آیا اس کمپنی نے امریکی برآمدی پابندیوں (ایکسپورٹ کنٹرولز) کے خلاف ورزی کرتے ہوئے یہ چپس چین کو منتقل کی ہیں۔
قانون سازوں نے ان رپورٹس کی طرف بھی اشارہ کیا ہے جن کے مطابق میگا اسپیڈ سے متعلق محکمہ تجارت کی ایک تفتیش میں این ویڈیا کے نمائندوں کے ساتھ رابطے کے بعد تبدیلی کر دی گئی تھی۔ علاوہ ازیں سینیٹرز کے خدشات صرف کمپنی کے کاروباری معاملات تک محدود نہیں ہیں۔ رپورٹس میں یہ اشارہ دیا گیا ہے کہ امریکی حکام جینسن ہوانگ اور میگا اسپیڈ کی ایک ایگزیکٹو الائس ہوانگ (جو مبینہ طور پر چینی انٹیلی جنس کی ایجنٹ ہیں) کے درمیان انٹیلی جنس خدشات سے واقف تھے۔ ج بعد ازاں ینسن ہوانگ نے اپنی اہلیہ سے بے وفائی اور اس تعلق کا اعتراف کیا ہے جس کی وجہ سے یہ رپورٹس منظر عام پر آئیں۔
وارن اور کونز نے اپنے خط میں لکھا کہ '' یہ واقعہ ہمارے برآمدی قوانین کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے اور ہماری قومی سلامتی کے تحفظ کے حوالے سے وفاقی حکومت کی صلاحیت پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔'' واضح رہے کہ یہ انکوائری ایوانِ نمائندگان کی خارجہ امور کی کمیٹی کے ڈیموکریٹ اراکین کے ان الزامات کے بعد بھی سامنے آئی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ مارکو روبیو نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو ہوانگ کے مبینہ روابط کے بارے میں خبردار کیا تھا، لیکن ٹرمپ نے اس انتباہ کو نظر انداز کر دیا۔ کمیٹی کا کہنا ہے کہ چین کیلئے این ویڈیا کی ایچ ۲۰۰؍ چپس کے لائسنسوں کی منظوری کا سلسلہ جاری رہا۔ وارن اور کونز اب این ویڈیا کے ایگزیکٹوز اور اعلیٰ حکام کے درمیان ہونے والے رابطوں، چپس کی مشتبہ اسمگلنگ کی تحقیقات کے ریکارڈزاور ان دستاویزات کی مانگ کر رہے ہیں جن سے یہ ظاہر ہو کہ آیا برآمدی پابندیوں کو نرم یا معطل کیا گیا تھا۔ انہوں نے انتظامیہ کو ۱۷؍ نومبر تک کی مہلت دی ہے کہ وہ اس بات کی تصدیق کرے کہ تمام ریکارڈز محفوظ کئے جا رہے ہیں۔
دریں اثناء سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ اگر زیرِ تفتیش کمپنیاں چینی منڈی تک رسائی کے راستے تلاش کرتی رہیں تو کیا جدید اے آئی چپس پر واشنگٹن کی پابندیاں برقرار رہ پائیں گی؟ یہ الزامات انتظامیہ کی برآمدی کنٹرول پالیسی کو بھی دباؤ میں لاتے ہیں۔ اگر حکام کو انٹیلی جنس وارننگ ملنے کے باوجود لائسنس جاری رکھنے کی اجازت دی گئی تو یہ معاملہ صرف این ویڈیا یا ہوانگ تک محدود نہیں رہتابلکہ اس سے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ آیا تجارتی مفادات کو ان قومی سلامتی کے تحفظات پر ترجیح دی جا رہی ہے جن کیلئے یہ پابندیاں لگائی گئی تھیں۔

