ایف ڈی اے کی جانچ میں کھانے کا درجۂ حرارت، نکاسیٔ آب، صفائی اور ذخیرہ کرنے کے طریقوں میں خامیاں سامنے آئیں؛ ۱۱؍ سے ۱۴؍ ستمبر کے دوران ۳۸؍ ہوٹلوں اور ریستوارں کا معائنہ اور ۴۷؍ غذائی نمونے حاصل کیے گئے تھے۔
شہر کے معروف Café Mondegar سمیت ۴؍ فوڈ اداروں کے لائسنس مہاراشٹر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (FDA) نے معطل کردیئے ہیں۔ یہ کارروائی فوڈ سیفٹی اور حفظانِ صحت کے ضوابط کی خلاف ورزیوں کے بعد کی گئی۔ قلابہ میں واقع Café Mondegar کے علاوہ Maharashtra Biryani Centre، Tribhuvan Dairy Farm اور Mahavir Cashew & Foods Pvt Ltd کے خلاف بھی لائسنس معطلی کی کارروائی ہوئی ہے۔Café Mondegar میں ایف ڈی اے ٹیم نے ۱۲؍ ستمبر کو معائنہ کیا۔ حکام کے مطابق کھانے کی تیاری کے مقام کے قریب نکاسیٔ آب کا نظام مناسب نہیں تھا، جس سے ایک غذا سے دوسری غذا میں آلودگی منتقل ہونے یعنی Cross-contamination کا خطرہ پیدا ہوسکتا تھا۔ معائنہ کے دوران کھانا تیار کرنے والے آلات کی مناسب صفائی اور جراثیم کشی نہ ہونے کے ساتھ نمی کے باعث فرش کو پہنچنے والے نقصان کی بھی نشاندہی کی گئی۔
ایف ڈی اے نے کھانے کے درجۂ حرارت سے متعلق بھی متعدد خامیاں پائیں۔ گرم کھانے کو مقررہ ۶۰؍ ڈگری سیلسیس سے اوپر رکھنے کی شرط پوری نہیں کی جارہی تھی، جبکہ ٹھنڈی اشیا کے ذخیرے کا درجۂ حرارت ۵؍ ڈگری سیلسیس سے کم رکھنے کے اصول پر بھی عمل نہیں ہورہا تھا۔ اس کے علاوہ منجمد اشیا کو پگھلانے اور پکے ہوئے کھانے کو تیزی سے ٹھنڈا کرنے کے مقررہ طریقوں کی پابندی نہ کیے جانے کی نشاندہی بھی کی گئی۔ ایف ڈی اے کی کارروائی صرف قلابہ کے اس معروف ریسٹورنٹ تک محدود نہیں رہی۔ Maharashtra Biryani Centre، جو کاندیولی ایسٹ میں واقع ہے، Tribhuvan Dairy Farm، جو گھاٹکوپر ویسٹ میں ہے، اور Mahavir Cashew & Foods Pvt Ltd، گھاٹکوپر ایسٹ، کے لائسنس بھی معطل کیے گئے۔ ان اداروں میں بھی فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ کے Schedule 4 میں درج صفائی اور حفظانِ صحت کے تقاضوں کی خلاف ورزیاں پائی گئیں۔
یہ کارروائی مہاراشٹر میں جاری ایف ڈی اے کی وسیع تر تہوار سیزن مہم کا حصہ ہے۔ ۱۱؍ سے ۱۴؍ ستمبر کے دوران ممبئی میں ۳۸؍ فوڈ اداروں کا معائنہ کیا گیا اور دودھ، کھویا، گھی اور مٹھائیوں سمیت ۴۷؍ غذائی نمونے جانچ کے لیے حاصل کیے گئے۔ اس مہم میں ۴؍ اداروں کے لائسنس معطل کرنے کے علاوہ ممبئی کے دیگر فوڈ کاروباروں کے خلاف بھی خامیوں کی بنیاد پر کارروائی کی گئی۔ ایف ڈی اے کی کارروائی کے دوران دودھ اور دودھ سے تیار ہونے والی اشیا کی بڑی مقدار بھی ضبط کی گئی۔ حکام کے مطابق تقریباً ۳۰؍ لیٹر دودھ اور ۴۱۳۹؍ کلوگرام سے زیادہ دودھ سے بنی اشیا اور مٹھائیاں، جن میں کھویا، پنیر، گھی، پیڑا، حلوہ، شری کھنڈ، مکھن اور ملک پاؤڈر شامل تھے، قبضے میں لیے گئے۔ ضبط شدہ مال کی مالیت ۵۸ء۱۵؍ لاکھ سے زیادہ بتائی گئی ہے۔
ایف ڈی اے کمشنر تکارام منڈے کی قیادت میں ریاست میں فوڈ سیفٹی، ملاوٹ اور حفظانِ صحت کے خلاف کارروائی تیز کی گئی ہے۔ گنیش اتسو کے دوران ریسٹورنٹس، ہوٹلوں، مٹھائی کی دکانوں اور دیگر فوڈ اداروں کی جانچ بڑھائی گئی ہے۔ ممبئی میں گنیش منڈلوں کے عہدیداروں اور کارکنوں کے لیے بھی تربیتی پروگرام منعقد کیے گئے، جن میں پرساد اور مہاپرساد کی تیاری اور تقسیم کے دوران حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل کی ہدایات دی گئیں۔ واضح رہے کہ Café Mondegar ممبئی کے معروف اور تاریخی ریسٹورنٹس میں شمار ہوتا ہے اور قلابہ کے Metro House میں واقع ہے۔ تاہم FDA کی جانب سے لائسنس معطلی کا مطلب یہ ہے کہ ادارے کو فوڈ بزنس کے لیے مطلوبہ ضوابط کی پابندی سے متعلق سنگین خامیوں کا سامنا ہے۔ FDA کی کارروائی کے بعد ادارے کے انتظامیہ سے رابطے کی کوشش کی گئی، تاہم دستیاب رپورٹ کے مطابق Café Mondegar کے مینیجنگ پارٹنر کی جانب سے فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔
حکام کی موجودہ مہم میں صرف لائسنس معطلی ہی نہیں بلکہ مشتبہ یا غیر معیاری غذائی اشیا کی ضبطی اور نمونوں کی لیبارٹری جانچ بھی شامل ہے۔ اس کارروائی کا دائرہ ممبئی سے باہر بھی پھیلایا گیا ہے، جہاں دودھ، مٹھائیوں اور دیگر غذائی اشیا کی جانچ کے ساتھ ممنوعہ مصنوعات کے خلاف الگ کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

