سکریٹری حکومت ہند آشیش کمار کا چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ کے ساتھ جائزہ اجلاسحیدرآباد ۔15۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں امداد باہمی اداروں کے استحکام کے مسئلہ پر مرکزی وزارت امداد باہمی کے سکریٹری آشیش کمار نے چیف سکریٹری تلنگانہ رام کرشنا راؤ اور محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ مرکزی اور ریاستی حکومت میں امداد باہمی کے سینئر عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی اور کوآپریٹیو شعبہ کے استحکام کا جائزہ لیا گیا ۔ رام کرشنا راو نے کہا کہ تلنگانہ میں امداد باہمی اداروں کی ترقی کے بہتر مواقع موجود ہیں اور ریاست کی معاشی ترقی میں یہ ادارے اپنی حصہ داری ادا کرسکتے ہیں۔ تلنگانہ حکومت پرائمری اگریکلچر کوآپریٹیو سوسائٹیز کو مستحکم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیری اور فشریز کے شعبہ جات میں امداد باہمی کے استحکام کے ذریعہ نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جاسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دیہی معیشت کے استحکام میں کوآپریٹیو شعبہ کا اہم رول ہے۔ چیف سکریٹری نے عصری ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ معاشی استحکام کو یقینی بنانے مشورہ دیا۔ عہدیداروں سے کہا گیا کہ وہ ان شعبہ جات کی نشاندہی کریں جہاں کوآپریٹیو سیکٹر کو مستحکم کیا جاسکتا ہے ۔ سکریٹری محکمہ زراعت سریندر موہن نے تلنگانہ میں امداد باہمی شعبہ پر تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ تلنگانہ میں 60925 کوآپریٹیو سوسائٹیز کام کر رہی ہیں۔ 311 پرائمری اگریکلچر کوآپریٹیو سوسائٹیز کے ذریعہ کسانوں کی پیداوار میں اضافہ کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ مرکزی حکومت نے کوآپریٹیو اداروں کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ ایڈیشنل سکریٹری حکومت ہند سدھارت جین ، کمشنر سیول سپلایز اسٹیفن رویندرا ، سکریٹری اینمل ہسبنڈری ایلمبرتی اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔1/k

