اسمبلی حلقہ صنعت نگر کے پارٹی ورکرس سے خطاب ، SIR کے معاملے میں محتاط رہنے کا مشورہحیدرآباد ۔ 16 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے دعویٰ کیا ہے کہ تلنگانہ میں جب بھی انتخابات منعقد ہوں گے ۔ عوام دشمن کانگریس حکومت کا خاتمہ یقینی ہے ۔ تلنگانہ بھون میں اسمبلی حلقہ صنعت نگر کے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر بی آر ایس کے رکن اسمبلی ٹی سرینواس یادو کے علاوہ دوسرے اہم قائدین موجود تھے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بی جے پی ووٹر لسٹ کی نظر ثانی ( SIR ) کے پروگرام کا اندھا دھند اور غلط استعمال کررہی ہے ۔ ان ریاستوں میں جہاں علاقائی جماعتیں مضبوط ہیں وہاں کے ووٹرس اور مخالفین کے نام ووٹر لسٹوں سے نکالنے کی سازش کررہی ہے ۔ جس کی وجہ سے ملک بھر میں کئی تنازعات پیدا ہورہے ہیں ۔ تلنگانہ میں بی آر ایس کارکنوں کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے تاکہ بی جے پی یہاں ایسا کوئی کھیل نہ کھیل سکے ۔ کے ٹی آر نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت دی کہ شہر حیدرآباد میں بڑے پیمانے پر جعلی اور دوہرے ( ڈبل ) ووٹوں کی نشاندہی کر کے انہیں فوری طور پر فہرستوں سے نکلوایا جائے ۔ انہوں نے اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کی مثال دیتے ہوئے یاد دلایا کہ کس طرح ان جعلی اور دوہرے ووٹوں کی وجہ سے بی آر ایس کو مشکلات اور انتخابی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ کے ٹی آر نے ریونت ریڈی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد میں کانگریس حکومت نے صرف غریبوں کے مکانات کو انہدام کیا ہے ۔ جب کہ عوامی مسائل کو یکسر نظر انداز کردیا گیا ہے ۔ کانگریس حکومت شہر میں پینے کے پانی کی مناسب فراہمی اور مچھروں پر قابو پانے جیسے بنیادی بلدیاتی مسائل کو حل کرنے میں بھی ناکام ثابت ہوچکی ہے ۔۔ 2/m/b

