عنقریب کل جماعتی قائدین سے مشاورت، اضلاع کے دورہ کا فیصلہحیدرآباد۔ 17 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ تحریک کے جہد کاروں کی نشاندہی کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی کا ڈاکٹر کے کیشو راؤ کی صدارت میں آج پہلا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان ریاستی وزیر پونم پربھاکر، ارکان قانون ساز کونسل پروفیسر کودنڈا رام، اے دیاکر، سابق ایم ایل سی راملو نائک اور ایم شوبھن ریڈی نے شرکت کی۔ تلنگانہ تحریک کے جہدکاروں کی نشاندہی کرتے ہوئے حکومت مناسب انداز میں اعزاز پیش کرنا چاہتی ہے۔ اس سلسلہ میں کمیٹی کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ حقیقی جہدکاروں کی نشاندہی کریں۔ یادگار شہیدان تلنگانہ جیوتی سے متصل عمارت میں کمیٹی کا دفتر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ عنقریب کل جماعتی اجلاس طلب کرتے ہوئے جہدکاروں کے انتخاب کے سلسلہ میں تجاویز حاصل کی جائیں گی۔ 1969 کی تلنگانہ تحریک میں حصہ لینے والے افراد کے علاوہ جہدکاروں کی تنظیموں، فنکاروں اور مختلف طبقات کی تنظیموں سے وابستہ افراد سے تجاویز حاصل کی جائیں گی۔ یہ کمیٹی مختلف اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے عوامی رائے حاصل کرے گی۔ کمیٹی نے جہدکاروں کے انتخاب کے سلسلہ میں 4 رہنمایانہ خطوط طے کئے ہیں۔ 1969، 1972 اور 1996 کی تحریکات سے وابستہ افراد سے ملاقات کی جائے گی۔ سابق حکومت نے محض چند جہدکاروں کی مدد کی تھی لیکن کانگریس حکومت تمام حقیقی جہدکاروں کو اعزاز پیش کرنا چاہتی ہے۔ واضح رہے کہ کانگریس نے انتخابی منشور میں تلنگانہ جہدکاروں کے لئے ماہانہ وظیفہ اور امکنہ اراضی کا وعدہ کیا ہے۔ عمل آوری کے سلسلہ میں حکومت پر بڑھتے دباؤ کو دیکھتے ہوئے کیشوراؤ کی صدارت میں کمیٹی تشکیل دی گئی۔ 1؍F

