کوئی سنٹرل کنٹریکٹڈ کھلاڑی فرنچائز کرکٹ کو نیشنل ڈیوٹی پر ترجیح دے سکتا ہے؟
لندن ۔ 18؍مئی ( ایجنسیز )انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان آئی پی ایل کو اہمیت دینے پر انگلش کرکٹ بورڈ پر برس پڑے۔اْنہوںنے فاسٹ بولر جوفرا آرچر کو آئی پی ایل جاری ر کھنے کی اجازت دینے پر انگلش کرکٹ بورڈ پر کڑی تنقید کی۔ مائیکل وان نے کہا کہ انگلینڈ کی اہم ٹیسٹ سیریز شروع ہو رہی ہے اور جوفرا آرچر انڈیا میں رہیں گے، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انڈین بورڈ اور ای سی بی کے درمیان کچھ معاملات طے ہوئے ہیں اورمعاملات طے ہونے کی وجہ سے ہی کچھ کھلاڑیوں کو آئی پی ایل جاری رکھنے کی اجازت ملی۔اْنہوں نے سوال کیا کہ کیا کوئی سینٹرل کنٹریکٹڈ کھلاڑی فرنچائز کرکٹ کو نیشنل ڈیوٹی پر ترجیح دے سکتا ہے۔مائیکل وان نے مزید کہا کہ ای سی بی نے برسوں سینٹرل کنٹریکٹ دے کر جوفرا آرچر کو سپورٹ کیا ہے، نیشنل ڈیوٹی پہلی ترجیح ہونی چاہیے، فرنچائز کرکٹ کرکٹرز کے لیے مالی اور پیشہ ورانہ طور پر بہت اچھی ہے، لیکن ٹیسٹ کرکٹ کو ڈومیسٹک کرکٹ لیگ کے پیچھے نہیں دھکیلا جا سکتا۔واضح رہے کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 4 جون سے شروع ہو گا۔

