نظام آباد ۔20 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)کارپوریٹ کمپنیوں کی جانب سے آن لائن ادویات کی فروخت کے خلاف ملک گیر ایک روزہ احتجاج کے حصہ کے طور پر آج نظام آباد ضلع میں میڈیکل شاپس رضاکارانہ طور پر بند رکھے گئے۔ ضلع کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ اسوسی ایشن کی قیادت میں منعقدہ اس احتجاج میں ضلع بھر کے تقریباً 1400 میڈیکل اسٹورس نے حصہ لیا۔اس موقع پر ضلع کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ اسوسی ایشن کے صدر مدھوسدن ، جنرل سکریٹری سدھاکر اور سائیلو نے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ آن لائن کمپنیاں بھاری رعایتوں کے نام پر ناقص اور غیر معیاری ادویات فروخت کرتے ہوئے عوام کی صحت سے کھلواڑ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر کئی مرتبہ مرکزی حکومت سے نمائندگی کی گئی، لیکن کوئی مثبت ردعمل سامنے نہ آنے کے باعث ملک گیر سطح پر میڈیکل شاپس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ان قائدین نے مطالبہ کیا کہ آن لائن ادویات کی فروخت فوری بند کی جائے، غیر ضروری بھاری ڈسکاؤنٹس پر روک لگائی جائے اور ناقص ادویات کی فروخت کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر مرکزی حکومت نے فوری مداخلت کرتے ہوئے مسائل حل نہ کیے تو احتجاج میں مزید شدت پیدا کی جائے گی۔ اس موقع پر اسوسی ایشن نے واضح کیا کہ ہنگامی حالات میں مریضوں کو ادویات کی فراہمی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ احتجاجی پروگرام میں ضلع بھر کے میڈیکل شاپ مالکان اور اسوسی ایشن کے ارکان نے شرکت کی۔

