Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
جرائم کی روک تھام کی نگرانی کو مزید مستحکم بنایا جائے

جرائم کی روک تھام کی نگرانی کو مزید مستحکم بنایا جائے

سیاست 4 days ago

نظام آباد پولیس کمشنریٹ حدود میں اچانک معائنے ، پولیس کمشنر کا خطاب

نظام آباد۔20 مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) پولیس کمشنر نظام آباد پی سائی چیتنیا نے نظام آباد پولیس کمشنریٹ حدود کے ٹاؤنVپولیس اسٹیشن کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے عوام کو بہتر اور دوستانہ پولیسنگ فراہم کرنے پر زور دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہر پولیس عہدیدار عوامی شکایات پر فوری ردعمل ظاہر کرے اور جرائم کی روک تھام کے لیے نگرانی کے نظام کو مزید مستحکم بنایا جائے۔ پولیس اسٹیشن پہنچنے پر افسران و عملہ نے پولیس کمشنر کو گارڈ آف آنر پیش کیا انہوں نے اسٹیشن کے مختلف شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔پولیس کمشنر مسٹر سائی چیتنیا نے اسٹیشن میں موجود حفاظتی ساز و سامان، اسلحہ، کِٹ آرٹیکلز اور ریکارڈس کی دیکھ بھال کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ بعد ازاں انہوں نے ر یسپشنسٹ سنٹر کا دورہ کیا اور وہاں عوامی شکایات کے اندراج، رجسٹرس کی دیکھ بھال اور عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ پولیس اسٹیشن آنے والے ہر شہری کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آیا جائے اور ان کے مسائل کو تحمل سے سن کر فوری کارروائی کی جائے۔ انہوں نے زیرِ التواء مقدمات کی تیز رفتار تحقیقات، بیٹ ڈیوٹی نظام، راؤڈی شیٹرس اور جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نگرانی رکھنے کی بھی ہدایت دی تاکہ متاثرین کو جلد انصاف فراہم ہوسکے۔پی سائی چیتنیا نے ''5 ایس سسٹم ''کے نفاذ، اسٹیشن کی صفائی، ڈیجیٹل ریکارڈس، عملہ کی حاضری اور ڈیوٹی کے طریقہ کار کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے خواتین، بزرگوں اور ہنگامی مدد کے متلاشی افراد کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت دی۔ سائبر جرائم میں اضافہ پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے پولیس کمشنر نے اسکولس، کالجس اور سوشل میڈیا کے ذریعہ عوام میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے آن لائن بیٹنگ اور گیمنگ ایپس کے نقصانات سے نوجوانوں کو آگاہ کرنے اور ٹریفک مسائل کے حل کیلئے اہم چوراہوں پر سخت نگرانی کے ساتھ سڑک حادثات کی روک تھام سے متعلق بیداری مہم چلانے کی بھی ہدایت دی۔ اس موقع پر اے سی پی بی پرکاش یادو، نارتھ رورل سرکل انسپکٹر بی سرینواس، سی سی آر بی انسپکٹر بی انجیا، ٹاؤن5 سب انسپکٹر ایم گنگادھر، سب انسپکٹر آر لکشمیا اور دیگر پولیس عہدیدار بھی موجود تھے۔

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: The Siaset Daily Urdu