23 شہروں میں 1000 کیلو میٹر کا احاطہ، دہلی 395 کیلو میٹر کے ساتھ سرفہرستحیدرآباد ۔20۔ مئی (سیاست نیوز) ٹرانسپورٹ سسٹم کو عوام کے لئے مزید سہولت بخش بنانے کیلئے نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا کے اہم ممالک میں میٹرو نیٹ ورک کو توسیع دی جارہی ہے۔ آبادی میں اضافہ اور ٹریفک مسائل سے نمٹنے کیلئے میٹرو ٹرین کی توسیع کے ذریعہ عوام کو راحت پہنچانے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ میٹرو نیٹ ورک کے توسیعی منصوبہ میں ہندوستان کو دنیا بھرمیں تیسرا مقام حاصل ہوا ہے۔ چین اور امریکہ کے بعد سب سے بڑا میٹرو نیٹ ورک ہندوستان میں قائم کیا گیا۔ ملک کے 23 شہروں میں ایک ہزار کیلو میٹر سے زائد میٹرو نیٹ ورک نے ٹرانسپورٹ سسٹم کو عصری بنانے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ ہندوستان میں دارالحکومت دہلی میٹرو نیٹ ورک میں دیگر شہروں سے آگے ہے۔ مرکزی حکومت نے میٹرو نیٹ ورک کی توسیع کے علاوہ طویل مسافتی روٹس پر تیز رفتار ٹرینوں کے آغاز کا منصوبہ بنایا ہے۔ دہلی میں 395 کیلو میٹر کا میٹرو نیٹ ورک سے احاطہ کیا گیا ہے ۔ اترپردیش ، مدھیہ پردیش اور راجستھان جیسی بڑی ریاستوں میں میٹرو نیٹ ورک کو ابھی تک توسیع نہیں دی گئی۔ مہاراشٹرا میں 80 کیلو میٹر ، کرناٹک 96 کیلو میٹر ، تلنگانہ 69 کیلو میٹر اور گجرات میں 60 کیلو میٹر کا میٹرو کے ذریعہ احاطہ کیا گیا ۔ شہری علاقوں میں دن بہ دن توسیع کے نتیجہ میں حکومتوں کو اربن انفراسٹرکچر اور خاص طور پر ٹرانسپورٹ سسٹم پر توجہ دیتے ہوئے زائد سرمایہ کاری کے اقدامات کرنے پڑ رہے ہیں۔ مرکزی حکومت نے بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں میٹرو نیٹ ورک کی توسیع کا منصوبہ بنایا ہے ۔ اربن انفراسٹرکچر کی ترقی کے ذریعہ سرمایہ کاری کو راغب کیا جاسکتا ہے۔1/k/m/b

