پٹنہ، 21 مئی (یواین آئی )بہار اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور سابق نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو نے جمعرات کو این ڈی اے حکومت پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخاب کے وقت بڑے بڑے دعوے کرنے والی حکومت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بہار کی نئی نسل کو ان کا حق دینے کے بجائے تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔تیجسوی یادو نے کہا کہ ریاست کا نوجوان حکومت کو اس کے وعدے یاد دلا رہا ہے اور ایک کروڑ ملازمتوں کے بارے میں سوال پوچھ رہا ہے ، لیکن حکومت ان کی آواز سننے کے بجائے ظلم و ستم پر اتر آئی ہے ۔ تیجسوی یادو کے مطابق، این ڈی اے حکومت بہار کے مستقبل (نوجوانوں) کے ساتھ صریحاً ناانصافی کر رہی ہے ۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر طلبہ ٹی آر ای -4 امتحان کے انعقاد کا مطالبہ کر رہے ہیں، تو انہوں نے کون سا گناہ کیا ہے ؟ کیا جائز مطالبات کے بدلے لاٹھیاں برسانا ہی حکومت کا طرزِ عمل ہے ؟ اپوزیشن لیڈر نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت کو پولیس اور لاٹھیوں کے استعمال کا اتنا ہی شوق ہے ، تو وہ اسے بدعنوانی اور جرائم کو روکنے کے لیے استعمال کرے ، نہ کہ نہتے طلبہ پر۔تیجسوی یادو نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ بہار کے نوجوانوں پر بار بار ہونے والا لاٹھی چارج اب برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ان کی پارٹی (آر جے ڈی) اس حکومتی رویے کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی مہم چلائے گی اور سڑک سے لے کر ایوان تک نوجوانوں کی آواز بلند کرے گی۔

