Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
سونیا ، کھرگے ، راہول ، پرینکا کا راجیوگاندھی کو خراج عقیدت

سونیا ، کھرگے ، راہول ، پرینکا کا راجیوگاندھی کو خراج عقیدت

سیاست 3 days ago

نئی دہلی، 21 مئی (یواین آئی) کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی، پارٹی صدر ملیکارجن کھرگے ، لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا سمیت کئی لیڈروں نے جمعرات کو سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کو ان کی 35 ویں برسی پر جمعرات کو یہاں ان کے سمادھی استھل ویر بھومی جاکر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ویر بھومی پر اس موقع پر راجیو گاندھی کی یاد میں منعقدہ پروگرام میں پارٹی کے کئی سینئرلیڈر بھی موجود تھے ۔کانگریس صدر نے ہندستان کی تعمیر کے لیے راجیو گاندھی کے ایک قول کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ”ہندستان ایک قدیم ملک ہے ، لیکن ایک نوجوان قوم ہے ۔ میں ایسے ہندستان کا خواب دیکھتا ہوں – مضبوط، آزاد، خود کفیل اور دنیا کے صفِ اول کے ممالک میں کھڑا، جو انسانیت کی خدمت کرے ۔انہوں نے کہا کہ ”بھارت رتن راجیو گاندھی نے دور اندیشی، جرات اور ہندستان کے مستقبل پر گہرے یقین کے ساتھ ملک کو 21ویں صدی کی جانب لے جانے کی مضبوط بنیاد رکھی۔ ان کے دور حکومت میں ووٹنگ کی عمر 18 سال کرنا، پنچایتی راج کے ذریعے مقامی سیلف گورننس کو مضبوط بنانا، ٹیلی کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی انقلاب کی شروعات، کمپیوٹرائزیشن کو فروغ، اہم امن معاہدے ، یونیورسل ویکسینیشن پروگرام اور جامع تعلیمی پالیسی جیسی کئی انقلابی پہل کی گئیں۔ ان کی وراثت آج بھی جدید ہندستان کو سمت دے رہی ہے اور نئی نسلوں کے لیے تحریک کا ذریعہ بنی ہوئی ہے ۔راہول گاندھی نے بھی ایک پوسٹ میں سابق وزیر اعظم کو یاد کرتے ہوئے لکھا، ”پاپا، آپ نے جس ہنرمند، خوشحال اور مضبوط ہندستان کا خواب دیکھا تھا، اسے حقیقت میں بدلنے کی ذمہ داری میں پوری کروں گا۔

مودی نے راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا
نئی دہلی، 21 مئی (یواین آئی) وزیر اعظم نریندرمودی نے جمعرات کو سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔وزیر اعظم نے آج ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا، ”سابق وزیر اعظم شری راجیو گاندھی جی کو ان کی برسی پر خراج عقیدت۔” راجیو گاندھی 1984 سے 1989 تک ملک کے وزیر اعظم رہے ۔ 21 مئی 1991 کو تمل ناڈو کے سری پیرمبدور میں ایک انتخابی مہم کے دوران لبریشن ٹائیگرز آف تمل ایلم (لٹے ) کے ایک خودکش حملے میں ان کی موت ہوگئی تھی۔اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی راجیو گاندھی کو یاد کیا اور ملک کی ترقی اور جمہوری اداروں میں ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: The Siaset Daily Urdu