ہنرکی بنیاد پر ماہانہ 16 تا 20 ہزار تنخواہ کا تعین، ٹیکنیکل اسکل سے بیرونی ممالک میںروزگار کے مواقع:چیف منسٹر ریونت ریڈی
حیدرآباد ۔21۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ورکرس کے لئے خوشخبری سناتے ہوئے اقل ترین تنخواہوں پر نظرثانی کا اعلان کیا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وزیر لیبر جی ویویک وینکٹ سوامی کے ہمراہ ورکرس کی نئی اقل ترین تنخواہوں کی تفصیلات جاری کیں۔ حکومت نے ریاست کے تین علحدہ زونس کے ورکرس کو 4 علحدہ زمروں میں تقسیم کرتے ہوئے اقل ترین تنخواہوں پر نظرثانی کی ہے۔ حکومت کے اس فیصلہ سے ریاست کے 1.11 کروڑ ورکرس کو فائدہ ہوگا اور احکامات پر عمل آوری یکم جون 2026 سے ہوگی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت نے ورکرس کو چار زمرہ جات میں تقسیم کیا ہے ۔ غیر ہنرمند ، جزوی ہنرمند ، ہنرمند اور زیادہ ہنرمند ورکرس کے زمرہ جات کیلئے اقل ترین تنخواہوں پر نظرثانی کی گئی۔ ریاست کو تین زونس میں تقسیم کیا گیا۔ زون 1 کے تحت میونسپل کارپوریشن ، زون 2 کے تحت میونسپلٹیز اور زون 3 کے تحت دیہی علاقوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ غیرہنرمند ورکرس کی اقل ترین تنخواہ کو 12750 روپئے سے بڑھاکر 16,000 روپئے کیا گیا ہے۔ جزوی ہنرمند ورکرس کی اقل ترین تنخواہ 13152 روپئے سے بڑھاکر 17000 روپئے کی جائے گی۔ ہنرمند ورکرس کو ماہانہ 13772 روپئے کے بجائے 18500 روپئے ادا کئے جائیں گے۔ زائد ہنرمند ورکرس کی اقل ترین تنخواہ میں 14607 روپئے سے اضافہ کرتے ہوئے 20,000 روپئے کیا گیا ہے۔ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ورکرس کی بھلائی کیلئے پہلی مرتبہ فیصلہ کیا گیا۔ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ سابق بی آر ایس حکومت نے ورکرس کی بھلائی کو نظرانداز کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ویویک وینکٹ سوامی اپنے والد آنجہانی جی وینکٹ سوامی کی وراثت کو آگے بڑھاتے ہوئے ورکرس کی بھلائی کے اقدامات کر رہے ہیں۔ چیف منسٹر نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ انفارمیشن ٹکنالوجی میں روزگار اور امریکہ میں ملازمت کے رجحان سے آگے بڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ ملازمت اور بہتر زندگی کے مواقع کے بغیر تعلیم بے معنی ہے۔ چیف منسٹر کی ٹیکنیکل اسکل کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ جرمنی ، جاپان اور سنگا پور جیسے ممالک میں ٹکنیکل اسکل رکھنے والے نوجوانوں کیلئے روزگار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ حکومت نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے اسکل یونیورسٹی قائم کی ہے۔ اقل ترین تنخواہوں کے تعین کے سلسلہ میں قائم کردہ کابینی سب کمیٹی کی سفارشات پر عمل کیا جارہا ہے۔1/k/y/a

