اپوزیشن کی منفی سیاست سے تلنگانہ کے عوام کو براہ راست نقصانحیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت ڈی سریدھر بابو نے اپوزیشن پارٹی بی آر ایس پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ کانگریس حکومت نے ترقیاتی کاموں میں مسلسل رکاوٹیں پیدا کرتے ہوئے بلیک میلنگ کی سیاست کررہی ہے ۔ آج اسمبلی میں کانگریس لیجسلیچر پارٹی دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سریدھر بابو نے بی آر ایس قائدین کے رویے پر برہمی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کی تشکیل کے پہلے ہی دن سے بی آر ایس کے قائدین بغیر کسی جواز کے تنقید کررہے ہیں اور انہوں نے محض تنقید پر برائے تنقید کیا ہے ۔ سابق وزیر ٹی ہریش راؤ کے حالیہ تبصرے بی ار ایس کو اقتدار حاصل ہوتے ہی فیوچرسٹی پراجکٹ کو منسوخ کردینے پر ڈی سریدھر بابو نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہریش راؤ کا بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے ۔ انہوں نے ہریش راؤ کو چیلنج کیا کہ وہ کھل کر یہ واضح کریں کہ آیا وہ واقعی ریاست کی ترقی چاہتے ہیں یا نہیں ۔ ڈی سریدھر بابو نے اپوزیشن کے رویے کو تلنگانہ کے نوجوانوں کے مستقبل کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب بھی حکومت نوجوانوں کو بڑے پیمانے پر روزگار فراہم کرنے کا کوئی منصوبہ بناتی ہے ۔ بی آر ایس اس میں رکاوٹیں پیدا کرتی ہے ۔ انہوں نے حیدرآباد اور سکندرآباد کے جڑواں شہروں میں میٹرو ریل نیٹ ورک کی توسیع کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت میٹرو کو شمس آباد ایرپورٹ تک وسعت دینے پر سنجیدگی سے کام کررہی ہے ۔ لیکن بی آر ایس اس اہم ترین پبلک ٹرانسپورٹ پراجکٹ کی راہ میں مسلسل رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی یہ منفی سیاست حکومت کو نہیں بلکہ براہ راست تلنگانہ کے عوام کو نقصان پہونچا رہی ہے اور عوام ایسی ترقی دشمن حرکتوں کو ہرگز معاف نہیں کریں گے ۔۔ 2/m/b

