ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے اقدامات، این آر آئیز کو پُرکشش سود کی تجویزحیدرآباد۔23۔مئی ۔(سیاست نیوز) نریندر مودی حکومت ڈاکٹر منموہن سنگھ کی معاشی پالیسی پر عمل آوری کے ذریعہ ملک کی معیشت کو سنبھالنے کی کوشش کر رہی ہے! 2013میں ڈاکٹر منموہن سنگھ حکومت نے ملک کی معیشت کو مستحکم بنانے کے لئے جو پالیسی کا اعلان کیا تھا اسی پالیسی پر مودی حکومت عمل آوری کے ذریعہ غیر مقیم ہندستانی شہریوں کو ہندستانی بینکوں میں فکسڈ ڈپازٹ پر پرکشش سود کی ادائیگی کی منصوبہ بندی میں مصروف ہے۔ بتایاجاتاہے کہ ریزرو بینک آف انڈیا نے حکومت کو جو منصوبہ پیش کیا ہے اس کے مطابق ریزرو بینک نے غیر مقیم ہندستانی شہریوں کو پرکشش شرح سود کی بناء پر بیرونی زرمبادلہ حاصل کرنے کے لئے خصوصی اسکیم شروع کرنے کا مشورہ دیاہے۔ 2013 میں ڈاکٹر منموہن سنگھ حکومت نے عالمی معاشی حالات کے دوران ہندستانی معیشت کو بگڑنے سے بچانے کے لئے شروع کی گئی اس اسکیم کے ذریعہ 30بلین ڈالر حاصل کرنے میں کامیاب ہوتے ہوئے یہ ثابت کیا تھا کہ غیر مقیم ہندستانیوں کو حکومت ہند پر کس قدر اعتماد ہے۔2013 میں ڈاکٹر منموہن سنگھ نے FCNR(B)اسکیم کے ذریعہ ہندستانی روپئے کی قدر کو گرنے سے بچانے کے لئے اقدامات کے طور پر 30بلین ڈالر حاصل کئے تھے ۔آربی آئی نے غیر مقیم ہندستانیوں کو 1سال تا 3 سال کی مدت کے لئے بینک ڈپازٹ کی صورت میں 4.5تا5.5 فیصد شرح سود ادا کرنے کی اجازت فراہم کی تھی جس کے نتیجہ میں غیر مقیم ہندستانیوں نے ہندستانی بینک کاری نظام میں 30بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کرتے ہوئے روپئے کی قدر کو مستحکم بنانے میں معاونت کی تھی ۔ 30بلین ڈالر سے زائد اس سرمایہ کاری کے ذریعہ ڈاکٹر منموہن سنگھ نے روپئے کی قدر میں ریکارڈ کی جانے والی گراوٹ کو روکنے میں کلیدی کردار اداکیا تھا۔ 2013میں عالمی بازار میں جہاں خام تیل کی قیمتوں میں زبردست اچھال ریکارڈ کیا جا رہا تھا اور فی بیارل قیمت 105تا110 ڈالر ریکارڈ کی جارہی تھی اس دور میں بھی ڈاکٹر منموہن سنگھ کی معاشی پالیسیوں نے پٹرول کی قیمت کو 63تا66 روپئے کے درمیان رکھا ہوا تھا اور ڈالر کی قیمت مجموعی طور پر 58روپئے ہوا کرتی تھی لیکن اب جبکہ عالمی بازار میں خام تیل 103 ڈالر فی بیارل ریکارڈ کی جار ہی ہے اور ہندستان میں پٹرول کی قیمت 113 روپئے فی لیٹر کو پہنچنے کے علاوہ ڈالر کے مقابلہ روپئے کی قیمت 97 کے قریب پہنچ چکی ہے۔ ہندستانی معیشت کی تباہ کن صورتحال کے دوران وزیر اعظم کی اپیلوں کے بعد اب ریزرو بینک آف انڈیا نے حکومت کو ڈاکٹر منموہن سنگھ کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے غیر مقیم ہندستانیوں سے ہندستانی بینکوں میں سرمایہ کاری کی اسکیم شروع کرنے کا مشورہ دینا شروع کردیا ہے تاکہ ہندستانی روپئے کی قدر میں ریکارڈ کی جانے والی گراوٹ کو روکا جاسکے۔H/3

