حیدرآباد، 23 مئی (آئی اے این ایس) سن رائزرس حیدرآباد کے کپتان پیٹ کمنز نے رائل چیلنجرز بنگلورو کے خلاف 55 رنز کی بڑی کامیابی کے بعد ایشان مالنگا اور ثاقب حسین کی بھرپور تعریف کی۔ حیدرآبادکے کپتان نے کہا کہ آئی پی ایل 2026 کے دوران نوجوان بولروں کی کارکردگی سے انہوں نے خود بھی بہت کچھ سیکھا ہے۔ جمعہ کی شب کھیلے گئے اس میچ میں مالنگا اور ثاقب نے سن رائزرس حیدرآباد کی بولنگ میں اہم کردار ادا کیا۔ پاور پلے کے دوران دونوں بولروں نے مجموعی طور پر تین اوورزکئے اور فی کس ایک وکٹ حاصل کرتے ہوئے آر سی بی کی ابتدائی رفتارکو متاثرکیا، خاص طور پر اس وقت جب وینکٹیش ائیر نے مہمان ٹیم کو تیز آغاز فراہم کیا تھا۔ دونوں بولروں نے مختلف اندازکی دھیمی گیندوں کا مؤثر استعمال کیا اور مجموعی طور پر 8 اوورز میں 64 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جس کی بدولت حیدرآباد 255 رنزکے بڑے اسکورکا کامیابی سے دفاع کرنے میں کامیاب رہی۔ پیٹ کمنز نے کہا ان بولروں نے شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ میں نے ان دونوں سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ ایشان نے پورے سیزن خاص طور پر پاور پلے میں جس انداز سے بولنگ کی ہے، وہ انہیں اس ٹورنمنٹ کا سب سے مؤثر بولر بناتی ہے۔ انہوں نے اپنی سلوگیندوں اور مختلف ڈیلیوریزکا بہترین استعمال کیا، جبکہ ثاقب بھی لاجواب رہے۔ ایک کپتان کے لیے یہ خواب جیسی صورتحال ہوتی ہے۔ ایشان مالنگا اس سیزن میں سن رائزرس حیدرآباد کے سب سے کامیاب بولر بن چکے ہیں اور وہ 14 میچوں میں 19 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ دوسری جانب ڈیبیو کرنے والے ثاقب حسین نے بھی شاندار تاثر چھوڑتے ہوئے صرف 10 میچوں میں 15 وکٹیں اپنے نام کی ہیں۔ دونوں کی مسلسل عمدہ کارکردگی نے سن رائزرس حیدرآباد کو پلے آف تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اس کامیابی کے بعد حیدرآباد کے پوائنٹس گجرات ٹائٹنس اور آر سی بی کے برابر 18 ہوئے، تاہم بہتر نیٹ رن ریٹ نہ ہونے کے باعث ٹیم ٹاپ ٹو میں جگہ بنانے میں ناکام رہی۔ سن رائزرس کو دوسرا مقام حاصل کرنے کے لیے آر سی بی کو166 رنز سے کم اسکور پر روکنا ضروری تھا، لیکن پیٹ کمنز نے تسلیم کیا کہ حیدرآباد کی پچ پر ایسا کرنا آسان نہیں تھا۔ کمنز نے کہا یہ بیٹنگ کے لیے بہت اچھی وکٹ تھی۔ مجھے معلوم تھا کہ بہت سی چیزیں ہمارے حق میں جانا ضروری ہیں۔ میرے خیال میں وہ 166 کے اسکور تک پہنچنے پر توجہ دے رہے تھے، اس لیے ہم نے مختلف حکمت عملیاں آزمائیں لیکن کامیاب نہ ہوسکے۔

