ایتھنز ۔ 23 مئی (ایجنسیز) ماریا کاریستیانو، جن کی بیٹی 2023 میں یونان کے بدترین ٹرین حادثہ میں ہلاک ہو گئی تھی، نے ایک نئی سیاسی جماعت قائم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں اس پارٹی کا مقصد ٹرانسپورٹ تحفظ، بدعنوانی کا خاتمہ اور شفافیت کو فروغ دینا بتایا۔ ماریا کاریستیانو نے جمعرات کو 'ہوپ فار ڈیموکریسی' کے نام سے ایک سیاسی جماعت قائم کرنے کا اعلان کیا۔ وہ پیشے سے ڈاکٹر ہیں اور ان کی بیٹی 2023 میں یونان کے بدترین ٹرین حادثہ میں ہلاک ہو گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس اقدام کے ذریعہ وزیرِاعظم متسوتاکیس کائریاکوس کی حکومت کے خلاف عوامی غم و غصے کو سیاسی طاقت میں تبدیل کرنا چاہتی ہیں۔ کاریستیانو اس وقت انصاف کے لیے چلائی جانے والی مہم کی نمایاں رہنما بن کر سامنے آئیں جب ٹیمپی ٹرین حادثہ میں 57 افراد ہلاک ہوئے، جن میں ان کی 20 سالہ بیٹی مارتھی بھی شامل تھی۔ اس سانحے نے یونان کے سیاسی نظام پر عوامی اعتماد کو شدید نقصان پہنچایا۔ گزشتہ سال کاریستیانو نے ملک بھر میں لاکھوں افراد کو سڑکوں پر نکلنے کے لیے متحرک کیا۔ تب ہونے والے مظاہرے کئی برسوں میں ہونے والے سب سے بڑے احتجاجی مظاہروں میں شامل تھے، جن میں حادثہ کے ذمہ داروں کے خلاف انصاف کا مطالبہ کیا گیا۔ اس حادثہ کے سلسلے میں اس وقت 36 ملزمان کے خلاف مقدمہ چل رہا ہے، جن میں ایک اسٹیشن ماسٹر، ریلوے مینیجرز اور سابق ریلوے آپریٹر کمپنی کے اعلیٰ عہدیدار شامل ہیں۔ ان پر ٹریفک میں خلل ڈالنے سے لے کر غفلت کے باعث قتل اور جسمانی نقصان پہنچانے جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ اب تک کسی سیاستدان پر فردِ جرم عائد نہیں کی گئی، جبکہ متاثرین کے اہلِ خانہ حکومت پر حقائق چھپانے کا الزام عائد کرتے رہے ہیں۔ تاہم حکومت ان الزامات کی تردید کرتی ہے۔

