Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
ہند وستان۔ امریکہ تعلقات

ہند وستان۔ امریکہ تعلقات

سیاست 1 day ago

مشورہ دیجئے خدا کیلئےکیا کریں آپ کی رضا کیلئے
امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو ہندوستان کے چار روزہ دورہ پر آئے ہوئے ہیں ۔انہوں نے اس دورہ پر آمد کے ساتھ ہی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور انہیںصدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے وائیٹ ہاوز کے دورہ کی دعوت بھی دی ہے ۔ مارکو روبیو کا یہ دورہ اہمیت کا حامل ہے کینوکہ حالیہ عرصہ میں دیکھا گیا ہے کہ ہندوستان اور امریکہ کے مابین تعلقات میں کھینچاؤ محسوس کیا جا رہا تھا ۔ امریکہ کے کچھ اقدامات مخالف ہند رہے ہیں اور ان کی وجہ سے ہندوستان کے موقف میں بھی کچھ سردمہردی دیکھنے میں آئی ہے ۔ جہاںتک امریکہ کا سوال ہے تو یہ ایک اٹل حقیقت ہے کہ وہ صرف اپنے مفادات اور ایجنڈہ کی تکمیل چاہتا ہے اور اس کیلئے دنیا کے کسی بھی ملک کو استعمال کرنے بلکہ ان کا استحصال کرنے سے بھی گریز نہیںکرتا ۔ وہ دنیا بھر میں پولیسنگ کرنے اورا پنی اجارہ داری کا بھی قائل رہا ہے ۔ حالیہ عرصہ میںمحسوس کیا گیا ہے کہ امریکہ نے ہندوستان کے خلاف شرحیں عائد کی تھیں۔ ہندوستانی اشیاء کی امریکہ آمد میں کچھ کمی بھی ہوئی ہے اور یہ سب کچھ شرحوں کی وجہ سے ہوا ہے ۔ صدر ٹرمپ نے دوسری معیاد کیلئے انتخاب جیتنے کے فوری بعد ہی واضح کردیا تھا کہ وہ صرف امریکہ کا فائدہ چاہتے ہیں اور امریکہ کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے ہی اقدامات کریں گے ۔ اس سے ان کا ایجنڈہ تو واضح ہوگیا ہے لیکن ہندوستان جیسے اہم ملک کے ساتھ تعلقات کو بھی امریکی اقدامات کی وجہ سے داؤ پر لگادیا گیا ہے ۔ شائد ان تعلقات میںآئے کھینچاؤ کی وجہ سے ہی امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو کو دورہ ہندوستان کی ضرورت محسوس ہوئی تھی اور وہ چار روزہ دور ہ پر ہندوستان پہونچ بھی گئے ۔ وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد آج انہوںنے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جئے شنکر سے ملاقات کی اور کئی اہم امور پر بات چیت بھی کی ہے۔ امریکہ کی جانب سے اس دورہ کو ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو دوبارہ پرانی نہج پر لانے کی کوشش ہی کہا جاسکتا ہے ۔ جہاں تک ہندوستان کا سوال ہے تو پھر ہمیں اس معاملے میں محتاط رویہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ امریکہ پر اب آنکھ بند کرکے بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔

مارکو روبیو ہندوستان آکر یہ بیان دے رہے ہیں کہ امریکہ کیلئے ہندوستان بہت اہمیت کا حامل ہے اور ان کا ملک ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور کئی اہم امور میں ہندوستان کو پیش نظر رکھتے ہوئے پالیسی تیار کی جاتی ہے ۔ در اصل امریکہ کئی اہم امور میںہندوستان کی اہمیت کو سمجھتا ضرور ہے لیکن وہ عملی طور پر ایسے اقدامات کا حالیہ عرصہ میںمرتکب ہوا ہے جن کے نتیجہ میںہندوستان کے مفادات متاثر ہوئے ہیںاور ہندوستان پر معاشی بوجھ عائد ہوا ہے ۔ امریکہ میںجس طرح سے ہندوستانیوں کیلئے عرصہ حیات تنگ کیا جا رہا ہے وہ ایک انتہائی اہم مسئلہ ہے اور اس پر امریکہ نے تاحال ہندوستان کی تشویش کو دور نہیں کیا ہے ۔ مارکو روبیو سے بھی جب اس تعلق سے سوال کیا گیا تو انہوں نے اس کا بھی کوئی تسلی بخش اور طمانیت والا جواب نہیںد یا ہے ۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ امریکہ اپنے ہی مفادات کی تکمیل کا خواہاں ہے اور وہ ہندوستان کے ساتھ خصوصی تعلقات کو بھی خاطر میںلانے تیار نہیں ہے اور نہ ہی وہ ہندوستانی نوجوانوں اور طلباء کو کسی طرح کی رعایت یا مراعات دینے کیلئے تیار ہے ۔ یہ مسئلہ ہندوستان کیلئے تشویش کا باعث ضرور ہے اور اس پر دونوںملکوں کے مابین تفصیلی تبادلہ خیال ہونا چاہئے اور امریکہ کو اس اہم مسئلہ میںہندوستان کی تشویش کو دور کرنے کی ضرورت ہے ۔ باہمی تعلقات کی اہمیت اور ان کی افادیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا لیکن ایک دوسرے کی تشویش کو دور کرنا دونوںممالک کی ذمہ داری ہے ۔
جس طرح سے ہندوستان پر دباؤ ڈالا گیا کہ وہ روس سے تیل خریدنے سے گریز کرے اور اگر تیل خریدا جاتا ہے تو شرحیں عائد کردی جائیں گی اسی طرح سے کئی اہم امور میںٹرمپ کے تبصرے ہندوستان مخالف رہے ہیں۔ ٹرمپ نے درجنوں بار دعوی کیا کہ انہوں نے ہندوستان و پاکستان کے مابین جنگ بندی کروائی ہے ۔ ہندوستان اس دعوی کی بارہا تردید کرتا رہا ہے ۔ ایسے امور پر ہندوستان کو امریکہ سے دو ٹوک انداز میں بات کرنی چاہئے اور امریکہ کو بھی اپنے حلیف ملک کے مفادات پر ضرب لگانے والے اقدامات اور بیانات سے گریز کرنا چاہئے ۔ اچھے تعلقات باہمی احترام اور مفادات کے تابع ہونے چاہئیں۔

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: The Siaset Daily Urdu