تلنگانہ میں بی آر ایس کا مستقبل نہیں، کانگریس کو دوبارہ اقتدار یقینی، نلگنڈہ میں 13 ہزار کروڑ سے ہیم روڈس کی تعمیر کا آغاز، چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطابحیدرآباد۔ 28 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج نلگنڈہ ضلع میں 13 ہزار کروڑ سے تعمیر کی جانے والی 6300 کیلو میٹر سڑکوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ ریونت ریڈی نے ریاستی وزراء کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، اتم کمار ریڈی اور دیگر عوامی نمائندوں کے ہمراہ نلگنڈہ ضلع میں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح انجام دیا۔ انہوں نے نلگنڈہ میونسپل کارپوریشن کے آب رسانی پراجکٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے ترقیاتی کاموں کے افتتاح و سنگ بنیاد کے بعد ناگرجنا ڈگری کالج گراؤنڈ پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ نلگنڈہ ضلع کی جامع ترقی کا وعدہ کیا۔ ریونت ریڈی نے بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت اور کانگریس کے دو سالہ دور حکمرانی کی کارکردگی پر بی آر ایس قائدین کو اسمبلی میں مباحث کا چیالنج کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو تلنگانہ کے چار کروڑ عوام کا آشیرواد حاصل ہے اور آئندہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی دوبارہ برسر اقتدار آئے گی۔ 13 ہزار کروڑ سے آر اینڈ بی کی جانب سے ہیم روڈس کی تعمیر کو نلگنڈہ کی ترقی میں اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ نلگنڈہ کو مثالی ترقی یافتہ ضلع میں تبدیل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے لئے سابق میں آنجہانی کونڈالکشمن باپوجی نے وزارت کی قربانی دی تھی۔ ان کے بعد کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے تلنگانہ کے لئے وزارت سے استعفی دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی آر ایس کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ بی آر ایس نے علیحدہ تلنگانہ کے لئے کوئی قربانی نہیں دی بلکہ الیکشن، سلیکشن اور کلکشن اس کے بنیادی اصول ہیں۔ 1969 میں کونڈا لکشمن باپو جی اور بعد میں کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے اپنے عہدوں کی قربانی دی۔ تلنگانہ کے لئے سینکڑوں نوجوانوں نے اپنی جان کی قربانی دی اور ان کی قربانیوں کے نتیجہ میں علیحدہ ریاست حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں محض ایک خاندان کی بھلائی ہوئی ۔ انہوں نے کے ٹی آر اور ہریش راؤ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ حکومت کے خلاف الزامات عائد کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر خاندان کی بے قاعدگیوں اور کرپشن کو دیکھتے ہوئے عوام نے اقتدار سے بے دخل کردیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام بی آر ایس کو دوبارہ اقتدار کے لئے ہرگز تیار نہیں ہیں۔ بی آر ایس نے کابینہ میں خواتین کو شامل نہیں کیا جبکہ کانگریس نے دو خواتین کو وزیر بنایا ہے۔ اقتدار کے فوری بعد 16 ہزار کروڑ خرچ کرتے ہوئے غریبوں کو باریک چاول کی سربراہی کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس نے 10 برسوں میں کبھی بھی غریبوں کی بھلائی کی فکر نہیں کی۔ غریبوں کے مکانات کے بجائے اپنے لئے فارم ہاوز تعمیر کئے گئے۔ کانگریس حکومت شہری اور دیہی علاقوں میں اندراماں ہاوزنگ ماکانات تعمیر کررہی ہے۔ گزشتہ 30 ماہ میں کسانوں کے بینک اکاؤنٹس میں 1.56 لاکھ کروڑ جمع کئے گئے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ میں کانگریس کو دوبارہ اقتدار حاصل ہوگا۔ اسمبلی میں بی آر ایس اور کانگریس دور پر مباحث کا چیالنج کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے بی آر ایس قائدین سے کہا کہ اگر وہ اس کے لئے تیار ہیں تو وہ اسپیکر کو مکتوب روانہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی منشور کی اجرائی سے حکومت کی کارکردگی پر مباحث کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر فارم ہاوز میں جو چاول کھا رہے ہیں وہی چاول تلنگانہ کے غریبوں کو حکومت سربراہ کررہی ہے۔ 1؍F

