حیدرآباد۔ 28 جون (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے ریاست میں فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی مہم کے دوران الیکشن کمیشن سے بہتر اشتراک کے لئے خصوصی مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دی ہے۔ پی راجیش کمار کو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی کا صدر نشین مقرر کیا گیا۔ وہ ایس آئی آر مہم کے ضمن میں تمام امور پر الیکشن کمیشن سے تال میل کریں گے۔ کانگریس پارٹی کی جانب سے مہم میں حصہ داری اور اسمبلی حلقہ جات کی سطح پر کاموں کی نگرانی کے لئے جی وینو گوپال کو ذمہ داری دی گئی۔ مہیش کمار گوڑ نے پارلیمانی حلقہ جات کی سطح پر کنٹرول روم اور کوآرڈینیٹرس کا تقرر کیا ہے جو ایس آئی آر مہم میں عوام سے تعاون کریں گے۔ لوک سبھا حلقہ جات کے کوآرڈینیٹرس میں کے سنتوش عادل آباد، ششی بھوشن پداپلی، سنتوش کمار کریم نگر، سری رام چکرورتی نظام آباد، دھن لکشمی ظہیر آباد، جی وینیلا میدک، پی سبرامنیم ملکاجگری، ایم رگھویندر ریڈی سکندرآباد، کے یادو حیدرآباد، ایس جگدیشور راؤ چیوڑلہ، ریوتی گوڑ محبوب نگر، عبید اللہ کوتوال ناگر کرنول، کے سرینواس راؤ نلگنڈہ، بی لنگم یادو بھونگیر، پیر ارشاد احمد ناصر ورنگل، سریکانت گوڑ محبوب آباد اور جی راگھویندر کھمم شامل ہیں۔ پارلیمانی حلقہ جات کے کوآرڈینیٹرس اور ریاستی سطح کی کمیٹی کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ ایس آئی آر مہم کے دوران عوام کی رہنمائی کریں اور کسی بھی اہل رائے دہندہ کے نام کو فہرست سے حذف ہونے سے بچایا جائے۔ 1؍F
SIR مہم میں شامل ملازمین کے تبادلوں پر الیکشن کمیشن کی پابندی
حیدرآباد۔ 28 جون (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے SIR میں شامل ریاستی حکومتوں کو ہدایت دی کہ مہم میں شامل عہدیداروں اور ملازمین کے تبادلہ نہ کئے جائیں اور کسی اور کام کیلئے ان کے خدمات نہ لی جائیں۔ کمیشن نے کہا کہ ایس آئی آر مہم کے اختتام یعنی 10 اکتوبر تک اس کام میں شامل عہدیداروں اور ملازمین کو کوئی اور ذمہ داری نہ دی جائے۔ مہم کے موثر انعقاد کو یقینی بنانے کمیشن نے یہ ہدایت دی ۔ کمیشن نے کہا کہ مہم کے اختتام تک الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس، اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس اور بوتھ لیول آفیسرس و دیگر عہدیداروں کو دیگر ذمہ داریوں سے مستثنیٰ رکھا جائے۔ کمیشن نے کہا کہ زائد ذمہ داری یا تبادلہ کی ناگزیر صورتحال میں تلنگانہ چیف الیکٹورل آفیسر سے اجازت لینی ہوگی۔ کمیشن نے کہا کہ یکم اکتوبر تک ایس آئی آر میں مشغول عہدیدار اور ملازمین کو کوئی دوسری ذمہ داری نہ دی جائے۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ میں ایس آئی آر مہم کی سست رفتاری کو دیکھتے ہوئے کمیشن نے یہ احکامات جاری کئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مہم کے تحت تاحال 30 فیصد رائے دہندوں کا احاطہ کیا گیا۔1؍F

