نئی دہلی، 28جون (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ پہلے کے مقابلے میں اب ملک میں زیادہ نوجوان کھیلوں کو اپنے کیریئر کے طور پر اختیار کر رہے ہیں، جو ملک میں کھیلوں کے فروغ کی مثبت علامت ہے ۔ اتوار کو اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام 'من کی بات' کے 135ویں ایڈیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میں اکثر کہتا ہوں کہ جو کھیلتا ہے ، وہی نکھرتا ہے ۔ آج ملک میں ایسے نوجوانوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے جو نہ صرف کھیل رہے ہیں بلکہ اپنی صلاحیتوں کو بھی نکھار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ناگالینڈ کی دو ایسی پہل کے بارے میں معلومات ملی ہیں جو نہایت دلچسپ اور حوصلہ افزا ہیں۔ پہلی پہل 'ناگالینڈ بے بی لیگ'ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نام سن کر بظاہر لگتا ہے کہ یہ بہت چھوٹے بچوں کی عام سی لیگ ہوگی، لیکن حقیقت میں یہ 5 سے 12 برس تک کے بچوں کیلئے ایک منفرد فٹبال لیگ ہے ، جو ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے ، انہیں آگے بڑھنے کی ترغیب دینے اور ان کی شناخت قائم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔ وزیراعظم نے بتایا کہ اس لیگ کا آغاز ناگالینڈ میں بچوں کو فٹبال سے جوڑنے کے مقصد سے کیا گیا، جس میں 5 سے 12 برس کی عمر کے لڑکے اور لڑکیاں حصہ لے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لیگ اپنے تین برس مکمل کر چکی ہے اور اس کے بچوں کی ذہنی نشوونما اور اعتماد پر نہایت مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ناگالینڈ میں ایک اور قابلِ ستائش اقدام 'ناگالینڈ ویمن فٹسال لیگ' بھی ہے ۔ انہوں نے وضاحت کی کہ فٹسال کو 'انڈور فٹبال' بھی کہا جاتا ہے ، جس میں ہر ٹیم کے صرف پانچ کھلاڑی ہوتے ہیں اور کھیل نسبتاً چھوٹے میدان میں کھیلا جاتا ہے ۔ اس وجہ سے کھلاڑیوں کو تیزی سے فیصلے اور اپنی تکنیکی مہارت کا بہتر استعمال کرنا پڑتا ہے۔

