عملہ کو بچانے کے اقدامات، کوسٹ گارڈ کی ٹیمیں بچاؤ کام میں متحرکحیدرآباد 5 جولائی (سیاست نیوز) وشاکھاپٹنم سے ایک اور ماہی گیری کی کشتی انجن میں خرابی کا شکار ہونے کے بعد اڈیشہ کے ساحل پر پھنس گئی ہے جس کی وجہ سے عملہ پچھلے چار دنوں سے سمندر میں بہہ گیا ہے۔ یہ کشتی 22 جون کو وشاکھاپٹنم فشنگ ہاربر سے روانہ ہوئی تھی جو پوری علاقہ کے قریب پانی میں پھنسی ہوئی ہے۔ ماہی گیروں نے اپنے اہل خانہ کو ویڈیو پیغام کے ذریعہ موجودہ صورتحال سے واقف کروایا اور ان سے مدد طلب کی۔ جس کے بعد حکام نے ماہی گیروں کو بحفاظت واپس لانے کے لئے امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔ وجیانگرم کے رکن پارلیمنٹ کے اپلا نائیڈو نے وشاکھاپٹنم کے ضلع کلکٹر سے بات کی جنھوں نے یقین دلایا کہ کوسٹ گارڈ کی ٹیموں کو بچاؤ آپریشن کے لئے متحرک کیا جارہا ہے۔ رکن پارلیمنٹ نے ماہی گیروں کے اہل خانہ سے بھی بات کی اور انھیں یقین دلایا کہ عملہ کو بحفاظت نکالنے کی تمام کوششیں کی جارہی ہیں۔ ماہی گیروں کی شناخت وجیانگرم ضلع کے پوسا پتیریگا منڈل کے چنتا پلی گاؤں کے رہنے والوں کے طور پر کی گئی۔(ش؍V)

