جموں و کشمیر کیلئے آئینی حیثیت کی بحالی کا مطالبہسرینگر، 9 جولائی (یو این آئی) جموں و کشمیر کی حکمراں جماعت نیشنل کانفرنس نے پارلیمنٹ کے مانسون سیشن کے آغاز پر نئی دہلی کے جنتر منتر پر ایک بڑے احتجاجی مظاہرے کی تیاری شروع کر دی ہے ۔ پارٹی نے قومی اپوزیشن جماعتوں، علاقائی لیڈروں اور جموں و کشمیر کے قانون سازوں سمیت تمام سیاسی حلقوں کو اس احتجاج میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے ، جس کا مقصد جموں و کشمیر کو دوبارہ مکمل ریاست کا درجہ دلانا ہے ۔خاص بات یہ ہیکہ بی جے پی جموں و کشمیر کے صدر کو بھی اس احتجاج کا حصہ بننے کی دعوت دی گئی ہے ۔ پارلیمنٹ کا مانسون سیشن 20 جولائی سے شروع ہونے جا رہا ہے ۔نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سیاسی رہنماؤں کے نام لکھے گئے ایک مکتوب میں کہا کہ یہ احتجاج جموں و کشمیر کو دوبارہ ریاست کا درجہ دینے میں مرکز کی طرف سے کی جانے والی “غیر منصفانہ تاخیر” کے خلاف ایک “سنجیدہ اور جمہوری” آواز ہے ۔

