نئی دہلی، 12 اگست (آئی اے این ایس) ہندوستان کے سابق بائیں ہاتھ کے اسپنر مرلی کارتک نے کہا ہے کہ ہفتہ کو سری لنکا کے خلاف شروع ہونے والی ٹسٹ سیریز ہندوستان کے لیے نہ صرف ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنانے کے نقطہ نظر سے اہم ہوگی بلکہ یہ سیریز مستقبل کے اسپن بولنگ قائدکی شناخت میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔ روہت شرما، ویراٹ کوہلی، اجنکیا رہانے، چتیشور پجارا اور روی چندرن اشون کے ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوش ہونے کے بعد ہندوستانی ٹیم ایک بڑے عبوری دور سے گزر رہی ہے۔ رویندر جڈیجہ اگرچہ اب بھی ٹیم کا حصہ ہیں، لیکن ان کے بین الاقوامی کیریئر کے آخری مرحلے میں داخل ہونے کے باعث کلدیپ یادو، مانَو سْتھار اور نئے کھلاڑی سارَنگ جین کی کارکردگی پر خاص توجہ مرکوز ہوگی۔ مرلی کارتک نے کہا کہ سری لنکا کا دورہ انتہائی اہم ہے، کیونکہ ہندوستان کو ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل کی دوڑ میں مضبوطی برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ اسپن بولنگ میں اگلی قیادت بھی تلاش کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ رویندر جڈیجہ نے ہندوستانی کرکٹ کے لیے شاندار خدمات انجام دی ہیں، لیکن اب وہ اپنے کیریئر کے آخری مرحلے میں ہیں۔ ایسے میں مانَو سْتھارکی افغانستان کے خلاف کارکردگی حوصلہ افزا رہی ہے اور اس سے ہندوستان کو مستقبل کے لیے ایک اچھا متبادل نظر آتا ہے۔ کارتک نے خاص طور پرکلدیپ یادو کے کردار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ دیکھنا اہم ہوگا کہ جڈیجہ کے بعدکیا کلدیپ ہندوستان کے مرکزی اسپن بولنگ قائد بن سکتے ہیں یا ٹیم کسی دوسرے کھلاڑی کو یہ ذمہ داری دے گی۔ انہوں نے کہا کہ کلدیپ ہندوستان کے لیے کئی مرتبہ میچ ونر ثابت ہو چکے ہیں، لیکن انہیں مسلسل مواقع نہیں ملے۔ 2017 میں ٹسٹ ڈیبیو کرنے کے بعد وہ اب تک صرف 18 ٹسٹ میچ کھیل سکے ہیں۔ اشون کی سبکدوشی کے بعد بھی کلدیپ کو صرف پانچ ٹسٹ میچوں میں موقع ملا، جبکہ واشنگٹن سندرکوکئی مواقع پر ان پر ترجیح دی گئی۔ کارتک کے مطابق کلدیپ کے لیے سب سے اہم چیز تسلسل ہے۔ اگر کسی کھلاڑی کو یہ اعتماد دیا جائے کہ وہ ٹیم کے لیے اہم اور میچ ونر ہے تو اس کی کارکردگی میں بھی نمایاں بہتری آ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلدیپ کو بار بار ٹیم سے باہر کیے جانے یا انجری کے بعد واپسی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ایسے حالات میں کھلاڑی کو ذہنی طور پر مضبوط رکھنے کے لیے بہتر مینجمنٹ ضروری ہے۔کارتک نے کہا کہ کلدیپ کو صرف ان کی بیٹنگ کی بنیاد پر نہیں پرکھنا چاہیے، کیونکہ ان کی اصل طاقت اسپن بولنگ ہے۔ انہوں نے کلدیپ کو مختلف ممالک میں وکٹیں حاصل کرنے والا بہترین میچ ونر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم انتظامیہ کو ان کے ساتھ مناسب انداز میں پیش آنا چاہیے تاکہ ان سے استفادہ کیا جاسکے ۔

