مونٹریال، 12 اگست (آئی اے این ایس ) قازقستان کی ایلینا رائباکینا نے شاندار واپسی کرتے ہوئے جاپان کی نومی اوساکا کو 4-6، 7-6 (5)، 6-4 سے شکست دے کر کینیڈین اوپن کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔عالمی نمبر2 رائباکینا کو پہلے سیٹ میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اوساکا نے میچ کے ابتدائی مرحلے میں ہی رائباکینا کی سروس توڑکر برتری حاصل کرلی اور بعد میں پہلا سیٹ 6-4 سے اپنے نام کرلیا۔دوسرے سیٹ میں رائباکینا نے کھیل میں واپسی کی۔ اگرچہ ان کی سروس دو مرتبہ ٹوٹی، تاہم انہوں نے بھی اوساکا کی دو سروسز توڑیں اور سیٹ ٹائی بریکر تک پہنچا دیا۔ رائباکینا نے ٹائی بریکر7۔5 سے جیت کر مقابلہ فیصلہ کن تیسرے سیٹ میں پہنچا دیا۔تیسرے سیٹ میں فیصلہ کن لمحہ اس وقت آیا جب رائباکینا 2۔3 کے اسکور پر اپنی سروس کر رہی تھیں اور انہیں تین بریک پوائنٹس کا سامنا تھا۔ انہوں نے شاندار مزاحمت کرتے ہوئے مجموعی طور پر چار بریک پوائنٹس بچائے اور اہم گیم اپنے نام کرکے میچ کا رخ تبدیل کردیا۔اس کے بعد اوساکا دباؤ میں نظر آئیں۔ 3۔4 کے اسکور پر اپنی سروس گنوانے کے بعد انہوں نے غصے میں اپنا ریکٹ بھی زمین پر دے مارا۔ رائباکینا نے آخری گیم میں تین ایسز لگاتے ہوئے میچ اپنے نام کرلیا۔کامیابی کے بعد رائباکینا نے کہا کہ وہ صرف مقابلے میں ڈٹے رہنے کی کوشش کر رہی تھیں۔ ان کے مطابق میچ کا پہلا گیم انتہائی مشکل تھا، جس کی وجہ سے انہیں پہلا سیٹ گنوانا پڑا، تاہم دوسرے سیٹ میں انہوں نے اسکورکے قریب رہنے اور مقابلہ جاری رکھنے پر توجہ مرکوز رکھی۔سیمی فائنل میں رائباکینا کا مقابلہ امریکہ کی کوکو گاف سے ہوگا۔ دونوں کھلاڑی اپنے کیریئر میں اب تک صرف ایک مرتبہ آمنے سامنے آئی ہیں، جو 2022 کے ٹورنٹو ٹورنمنٹ میں ہوا تھا۔

