Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
سہ فریقی دفاعی معاہدہ : پاک ۔ خلیجی ممالک سفارتی رابطوں میں تیزی

سہ فریقی دفاعی معاہدہ : پاک ۔ خلیجی ممالک سفارتی رابطوں میں تیزی

سیاست 1 day ago

اسلام آباد ۔ 12 اگست (ایجنسیز) پاکستان کی وزیر خارجہ نے سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ حالیہ تاریخی دفاعی معاہدے کے بعد خلیجی ممالک کے ساتھ بھی اپنے سفارتی رابطوں کو مزید آگے بڑھانے کیلئے اقدامات میں تیزی پیدا کی ہے۔ پاکستان ، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدے پر دستخط 7 اگست بروز جمعہ ہوئے تھے۔ اسے معاہدہ مکہ کا نام دیا گیا ہے۔معاہدے کے بعد پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور بحرین کے وزیر خارجہ کا باہم رابطہ ہوا ہے۔ یاد رہے سہ فریقی دفاعی معاہدے کے سلسلے میں وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیرکے ساتھ وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی گئے تھے۔ جبکہ امریکہ ایران مذاکرات کیلئے کوئی پیش رفت ممکن بنانے کیلئے پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی کو ایک بار پھر ایران بھیجا گیا ہے۔وہ اس سے قبل بھی کئی بار ایران جا کر ایرانی قیادت سے مذاکرات کیلئے بات چیت کر چکے ہیں۔ امریکہ اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران پر مل کر حملہ کیا تھا۔ اس جنگ میں اگرچہ ایک مفاہمتی یادداشت پر 18 جون کو دستخط ہو گئے تھے، لیکن اس کے باوجود امریکہ ایران جنگ کے اب تک کئی اتار چڑھاؤ سامنے آتے رہے ہیں۔ اس وجہ سے خلیجی ممالک بطور خاص جنگ سے متاثر ہوئے ہیں۔بحرین کے وزیر خارجہ عبداللطیف بن راشد الزیانی نے پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو پیر کو رات گئے فون کال کی اور دوطرفہ دلچسپی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس تبادلہ خیال میں پاکستان ، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے معاہدے پر بھی بات چیت کی گئی۔بحرینی وزیر خارجہ نے تاریخی مکہ معاہدے پر دستخط ہونے پر وزیر خارجہ پاکستان اسحاق ڈار کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کے اپنے ارادے کا بھی ذکر کیا۔ اسحاق ڈار نے اپنے بحرینی ہم منصب کے ممکنہ دورہ پاکستان کیلئے خیر مقدم کیا اور ان کی طرف سے پاکستان کیلئے ظاہر کیے گئے جذبات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ پاکستان نے اس موقع پر خطے میں امن کیلئے اپنی کوششوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔علاوہ ازیں اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے ساتھ بھی بات چیت کی ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان خطے کی تازہ ترین صورت حال پر غور کیا گیا اور باہمی رابطوں کو جاری رکھنے اور مشاورت کے تسلسل پر زور دیا۔وزیر خارجہ پاکستان اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی بات چیت کی ہے۔ اس گفتگو کا محور بھی سہ فریقی دفاعی معاہدہ ہی رہا۔ جس پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ، صدر طیب ایردوآن اور وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعہ کے روز مکہ میں دستخط کیے ہیں۔ سہ فریقی معاہدے کی روح یہ ہے کہ ایک ملک پر حملہ تینوں ملکوں پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ تاہم یہ معاہدہ کسی کے خلاف جارحانہ عزائم کیلئے نہیں ہیں۔یاد رہے اس سے قبل پاکستان اور سعودی عرب ستمبر 2025 میں ایک دوطرفہ دفاعی معاہدہ کر چکے ہیں۔ پاکستان سعودی دفاعی معاہدے کا لب لباب بھی یہی ہے کہ ایک ملک پر حملہ دوسرے پر بھی حملہ سمجھا جائے گا۔ ان معاہدوں کو خطے علاوہ دنیا بھر میں کافی دلچسپی سے دیکھا جا رہا ہے۔

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: The Siaset Daily Urdu