نرملا سیتارامن نے اعلیٰ عہدیدار وں سے ملاقات کی ، اہم معدنیات و کانکنی، ٹکنالوجی پر خصوصی توجہ
نئی دہلی، 27 اگست (یو این آئی) مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے کینیڈا کے اپنے دورے کے دوسرے روز بدھ کو ٹورنٹو میں ایک اعلیٰ سطح کی کاروباری گول میز کانفرنس میں شرکت کی اور مختلف کینیڈین کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کیں۔وزارت خزانہ کے مطابق گول میز اجلاس کا انعقاد کینیڈا۔انڈیا بزنس کونسل اور کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (سی آئی آئی) نے مشترکہ طور پر کیا۔ اس میں گرین ٹیکنالوجی، اہم معدنیات، توانائی ذخیرہ، پائیدار بنیادی ڈھانچہ، زراعت، فوڈ پروسیسنگ، آٹو موبائل، ٹیکسٹائل، گرین اسٹیل، ایرو اسپیس، خلائی شعبے ، سائبر سکیورٹی، بایو ٹیکنالوجی، اے آئی، اثاثہ جاتی انتظام، اعلیٰ تعلیم اور ہنرمندی جیسے شعبوں کے سرکردہ کاروباری نمائندوں نے شرکت کی۔سیتارمن نے متعدد مالیاتی اداروں اور کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداروں سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے اوٹاوا اونٹاریو ٹیچرز پنشن پلان (او ٹی پی پی) کے صدر و سی ای او جو ٹیلر سے ملاقات کے دوران ہندوستان میں اس کے طویل مدتی اعتماد اور نیشنل انویسٹمنٹ اینڈ انفراسٹرکچر فنڈ (این آئی آئی ایف) کے ساتھ شراکت داری کا خیرمقدم کیا۔ دونوں جانب نے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری اور مشترکہ سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر خزانہ نے گفٹ۔آئی ایف ایس سی کو عالمی سرمایہ کاروں کے لیے اہم پلیٹ فارم قرار دیتے ہوئے او ٹی پی پی کو ہندوستان میں اپنی سرمایہ کاری مزید بڑھانے کی دعوت دی۔انہوں نے سرمایہ کاری بینکاری اور مالیاتی خدمات کی کمپنی کیناکورڈ جینیوٹی کے سی ای او ڈین ڈیویو اور نائب صدر راڈ فلپس سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر ہندوستانی کمپنیوں کو عالمی سرمایہ حاصل کرنے ، بیرون ملک توسیع اور ٹیکنالوجی و کاروباری اداروں کے حصول میں مدد دینے سمیت مختلف امور پر بات ہوئی۔اہم معدنیات و کان کنی، ٹیکنالوجی اور پائیداری کے علاوہ ہندوستان کو عالمی کاروبار کے لیے ایک اہم مرکز بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ سیتارمن نے ہندوستان کی بڑی اور تیزی سے بڑھتی داخلی مارکیٹ، مضبوط ہوتی کیپٹل مارکیٹ، مستحکم معیشت اور سرمایہ کاروں کے تحفظ و کاروبار میں آسانی کے لیے جاری اصلاحات کا ذکر کیا۔پیمنٹس کینیڈا کی صدر و سی ای او سوزن ہاکنز سے ملاقات میں ہندوستان کے ڈیجیٹل ادائیگی نظام، مضبوط بینکاری ڈھانچے ، عوامی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور یونیفائیڈ پیمنٹس انٹرفیس (یو پی آئی) پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیتارمن نے کہا کہ ہندوستان اور کینیڈا کے مضبوط معاشی اور عوامی تعلقات کے پیش نظر سرحد پار ڈیجیٹل ادائیگیوں کا رابطہ خاص اہمیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے کینیڈا کے بڑے پنشن فنڈ او ایم ای آر ایس کے صدر و سی ای او بلی ہچسن اور کینیڈا پنشن پلان انویسٹمنٹ بورڈ (سی پی پی آئی بی) کے صدر و سی ای او جان گراہم سے بھی ملاقات کی۔ دونوں اداروں کی ہندوستان میں طویل مدتی سرمایہ کاری اور مستقبل میں بنیادی ڈھانچے ، قابل تجدید توانائی، سڑکوں، بندرگاہوں، شہری انفراسٹرکچر، ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے اور ڈیٹا سینٹرز سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔

