نِشین (جاپان)، 20 ستمبر (یواین آئی) شیفالی ورما کی ناٹ آؤٹ سنچری کے بعد نندنی شرما اور دیپتی شرما کی تین، تین وکٹ کی شاندار بولنگ کی بدولت ہندوستانی خواتین کی ٹیم نے اتوار کو ایشین گیمز کے کرکٹ مقابلے کے دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو ریکارڈ 114 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی، جہاں اس کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔196رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری بنگلہ دیشی ٹیم ہندوستانی بولروں کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم 15.4 اوور میں81 رنز پر سمٹ گئی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی ہندوستان نے ایشین گیمز میں اپنا ایک میڈل یقینی کرلیا۔ دلارا اختر نے بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے زیادہ 27 رنز بنائے ۔ ان کے علاوہ شرمین اختر نے10 اور سلطانہ خاتون نے ناٹ آؤٹ 12 رنز بنائے ۔ باقی کوئی بھی بیٹر دوہرے ہندسے تک نہیں پہنچ سکا۔ ہندوستان کی جانب سے نندنی شرما اور دیپتی شرما نے تین، تین وکٹ حاصل کیے ۔ سری چرن نے دو وکٹ لیے ، جبکہ کرانتی گاؤڑ اور شری یانک پاٹل نے ایک، ایک بیٹرکو آؤٹ کیا۔اس سے قبل ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اسمرتی مندھانا اور شیفالی ورما نے شاندارآغاز کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لیے جارحانہ انداز میں72 رنز جوڑے ۔ چھٹے اوور میں ناہیدہ اختر نے مندھانا کو آؤٹ کرکے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ مندھانا نے19 گیندوں پر پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے37 رنز بنائے ۔ اس کے بعد جی کمالنی صرف تین رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں۔اس موقع پر کپتان ہرمن پریت کور نے شیفالی ورما کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا اور ٹیم کو بڑے اسکورکی جانب لے گئیں۔ 18ویں اوور میں رابعہ خان نے ہرمن پریت کورکو آؤٹ کیا۔ انہوں نے 33 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے ۔ رِچاگھوش 19ویں اوور میں دو رنز بناکر چوتھی وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئیں۔ ہندوستانی خواتین کی ٹیم نے مقررہ20 اوور میں چار وکٹ پر195 رنز بنائے ۔ شیفالی ورما نے49 گیندوں پر تین چوکے اور نو چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ100 رنزکی شاندار اننگزکھیلی، جبکہ بھارتی پھولمالی نو رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔جس وقت شیفالی اور ہرمن پریت میدان میں ایک ساتھ ایسا لگ رہا تھا کہ ہندوستانی ٹیم 200 رنز کا ہندسہ آسانی سے عبور کرلے گی ۔بنگلہ دیش کی جانب سے معروفہ اختر، سنجیدہ اختر میگھلا، رابعہ خان اور ناہیدہ اختر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ہندوستانی ٹیم اس وقت شاندار فام میں ہے اور کھلاڑیوں کے مظاہروں کو دیکھ کر لگتا ہے کہ ہندوستانی ٹیم اپنے گولڈ میڈل کا دفاع آسانی سے کرلے گی۔

