16 نوٹس برآمد ، تفتیش پر جعلی کرنسی کا اعتراف، گوشہ محل پولیس کی کارروائیحیدرآباد۔ 27 ستمبر (سیاست نیوز) گوشہ محل پولیس نے ایک نوجوان کو جعلی ہندوستانی کرنسی کو گشت کرانے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق 21 سالہ وکرم جو پیشہ سے خانگی ملازم ہے اور بالاجی ڈیکورس میں ملازمت کرتا ہے اور وہ بیگم بازار کا ساکن ہے۔ اس نوجوان کا تعلق راجستھان کے ضلع پالی سے ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 25 ستمبر کو وسرجن کے دوران بیگم بازار چھتی کے قریب پولیس کی ایک ٹیم گشت کررہی تھی کہ وکرم کو جعلی کرنسی کو چلانے کے شبہ میں حراست میں لے لیا۔ پولیس نے وکرم کو اپنی تحویل میں لے کر ابتدائی تفتیش کی جس میں یہ معلوم ہوا کہ چھوٹے تاجروں کو خریدی کے بہانہ 500 روپے کی جعلی نوٹ دے کر اس سے 400 روپے اصلی کرنسی حاصل کیا۔ اس نوجوان کو پولیس اسٹیشن منتقل کرکے تفصیلی تحقیقات کی گئیں جس میں پتہ چلا کہ اس نے اپنے دوست اشوک اور دیگر کی مدد سے 500 روپے کے ہندوستانی جعلی کرنسی نوٹ تیار کیا اور انہیں بیگم بازار اور دیگر تجارتی علاقوں میں چھوٹے تاجروں سے خریدی کے بہانے یہ کرنسی استعمال کی جارہی تھی۔ وکرم کے قبضہ سے پولیس نے 16 نقلی کرنسی نوٹ برآمد کئے جبکہ دیگر ملزمین کی پولیس کو تلاش ہے۔ پولیس گوشہ محل نے بتایا کہ مذکورہ جعلی کرنسی نوٹ کے ریاکٹ کے پس پردہ مزید افراد کو گرفتار کرنے کی کوشش جاری ہے۔ پولیس نے عوام کو یہ مشورہ دیا ہے کہ جعلی کرنسی نوٹ کے چلن سے عوام ہوشیار رہے اور بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں نوٹ قبول کرنے سے قبل اس کے سیکوریٹی فیچرس یا پھر اسکیاننگ کمشین کے ذریعہ نوٹ کے اصلی ہونے کی تصدیق کریں۔ ب؍F

