Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرا ونڈے بارش کی نذر

ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرا ونڈے بارش کی نذر

سیاست 2 days ago

ہیملٹن، 10 نومبر (آئی اے این ایس) ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان یہاں سیڈن پارک میں کھیلا جانے والا تیسرا ونڈے بارش کی نذر ہوگیا۔ منگل کو مسلسل بارش کے باعث ایک بھی گیند پھینکے بغیر میچ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا لیکن5 میچوں کی سیریز میں ہندوستان کو فی الحال 2-0 کی برتری حاصل ہے۔ سیریز کے بقیہ 2 مقابلے جمعہ اور اتوارکو کھیلے جائیں گے۔شہر میں گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران ہونے والی شدید بارش کے باعث میچ کے انعقاد پر پہلے ہی خدشات ظاہرکیے جارہے تھے۔ اگرچہ کچھ دیر کے لیے بارش رک گئی تھی اور گراؤنڈ عملہ کھیل کے میدان کو مقابلے کے لیے تیار کرنے میں مصروف تھا، تاہم دوبارہ بارش شروع ہونے کے بعد پچ کو ایک بار پھر ڈھانپ دیا گیا، جس کے نتیجے میں ٹاس میں مزید تاخیر ہوئی۔ بارش اور آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث تقریباً 2 گھنٹے کی تاخیر کے بعد بالآخر میدان میں ٹاس ہوا۔ ہندوستان نے مسلسل تیسرے میچ میں پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ تاہم ٹاس کے چند ہی منٹ بعد دوبارہ بارش شروع ہوئی اور پچ کو پھر سے ڈھانپنا پڑا، جس کے بعد انتظار کا سلسلہ جاری رہا۔20 اوور کے میچ کے انعقاد کے لیے ہندوستانی وقت کے مطابق دوپہر 12:32 بجے آخری وقت مقرر تھا، لیکن بارش نہیں رکی۔کچھ دیر کے لیے بارش تھمی بھی تو گراؤنڈ اسٹاف کو پچ کو کھیل کے قابل بنانے میں مزید 30 سے 45 منٹ درکار ہوتے، جس سے تاخیر میں مزید اضافہ ہوتا۔اس سیریز کے پہلے دونوں ونڈے مقابلے بھی بارش سے متاثر ہوئے تھے اور دونوں ٹیموں کو مختلف مواقع پر دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ آکلینڈ میں کھیلے گئے پہلے ونڈے میں ہندوستان نے ڈک ورتھ لوئس اسٹرن (ڈی ایل ایس) طریقے کے تحت 22.2 اوورز میں 143 رنز کے نظرثانی شدہ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ویلنگٹن میں کھیلے گئے دوسرے ونڈے میں بھی بارش کے باعث کھیل ختم کرنا پڑا تھا۔ ہندوستانی ٹیم 135 رنزکے ہدف کے تعاقب میں 113 رنز پر 7 وکٹیں گنواچکی تھی، تاہم ڈی ایل ایس طریقے کے تحت مقررہ برابر کے اسکور سے 4 رنز آگے ہونے کی وجہ سے اسے فاتح قرار دیا گیا۔ہندوستانی ٹیم اب آخری 2 ون ڈے مقابلوں میں بدلی ہوئی قیادت کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ شریاس ایر ٹیم کی کپتانی سنبھالیں گے، جبکہ شبھمن گل سمیت اسکواڈ کے دیگر ٹسٹ کھلاڑی آئندہ 2 میچوں کی ٹسٹ سیریزکی تیاری شروع کریں گے۔اس طرح سیریز کے بقیہ مقابلوں سے قبل ہندوستان کوکم از کم سیریز میں کامیابی یا برابری کا نتیجہ یقینی ہوچکا ہے۔ دونوں ٹیمیں اب جمعہ کو ماؤنٹ مونگانوئی کے بے اوول میدان پر ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی اور ہندوستان کامیابی کا سلسلہ برقرار رکھنے کا خواہاں ہے۔

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: The Siaset Daily Urdu