طلبہ میں مطالعہ کے رجحان میں اضافہ کرنے کے اقدامات
حیدرآباد۔12۔نومبر(سیاست نیوز) روزنامہ سیاست نے طلبہ میں مطالعہ کے رجحان میں اضافہ کے سلسلہ میں اقدامات کے طور پر طلبہ کے لئے خصوصی سپلمنٹ 'حرف اول' کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے اوریہ خصوصی اخبار برائے اطفال 'حرف اول' اسکولوں کے ذریعہ طلبہ تک پہنچانے کے اقدامات کئے جا چکے ہیں۔ ادارہ ٔ سیاست نے ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو کے یوم پیدائش (یوم اطفال) کے موقع پر اس خصوصی اخبار کی اجرائی کا فیصلہ کیا ہے ۔ اخبار سیاست کا یہ خصوصی سپلمنٹ جو کہ روزانہ کی اساس پر شائع کیا جائے گاجس میں طلبہ کو اردو پڑھنے ' لکھنے کی مشق کے علاوہ ان کے لئے معلومات ' انفارمیشن ٹکنالوجی ' دینی و اخلاقی تربیت کے ساتھ ذہنی ورزش کے مقابلہ جات شامل رہیں گے۔اسکول انتظامیہ جو اپنے طلبہ کو اردو زبان سے واقف کروانے کے علاوہ انہیں'مادری زبان ' کی اہمیت کو اجاگر کروانا چاہتے ہیں وہ ذیل میں دیئے گئے فون نمبرات پر رابطہ قائم کرتے ہوئے اس خصوصی 'ایڈیشن' کے متعلق تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔ طلبہ میں ٹکنالوجی کے نام پر موبائل کے استعمال میں ہونے والے اضافہ کو محدود کرتے ہوئے انہیں مطالعہ کی سمت راغب کروانے کے لئے کی جانے والی اس کوشش کی مختلف اسکول انتظامیہ و ذمہ داروں کی جانب سے ستائش و حوصلہ افزائی کے بعد 14 نومبر 2026 کو یہ خصوصی 'ایڈیشن' سبسکرائب کرنے والے اسکولوں اور ان کے طلبہ کے ہاتھوں میں ہوگا۔ ادارہ ٔ سیاست نے ICE آئی کیئر فار ایجوکیشن کے تعاون و اشتراک سے طلبہ کے لئے اردو میں خصوصی ایڈیشن کی تیاری اور ان کے لئے خصوصی مقابلہ جات منعقد کرنے کے ساتھ ساتھ انعامات کی فراہمی کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔طلبہ کے لئے تیار کئے جانے والے اس خصوصی ایڈیشن میں بچوں کی نفسیات ' تعلیمی ترقی ' معلومات میں اضافہ ' کے علاوہ ان کی بہتر تربیت و نگہداشت سے متعلق امور شامل رہیں گے ۔ طلبہ کے لئے شائع کیا جانے والا یہ خصوصی ایڈیشن ماہرین اطفال ' تعلیم ' صحت ' ذہنی نشونما کے علاوہ ٹکنالوجی میں مہارت رکھنے والوں کی نگرانی اور ان کے مشوروں کے ساتھ تیار کیا جا رہاہے جس کا ہر صفحہ طلبہ کی دلچسپی کا باعث ثابت ہوگا۔ 'حرف اول' سیاست کے یہ خصوصی صفحات طلبہ میں اخلاقیات ' سماجی معاملہ فہمی اور زندگی کے اصولوں کے متعلق تربیت میں بھی کلیدی کردار ادا کریں گے۔ اسکول انتظامیہ کے ذمہ دار جو اپنے طلبہ کے لئے اس خصوصی ایڈیشن کو اپنے طلبہ کے لئے سبسکرائب کرنا چاہتے ہیں وہ ICE کے نمائندوں جناب سید آصف سے فون نمبر 9849156663کے علاوہ محترمہ حناء انصاری سے 8367226677 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔3

