Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
مستقبل کی جنگ میں تینوں افواج کے درمیان تال میل اہم ہوگا:راجناتھ

مستقبل کی جنگ میں تینوں افواج کے درمیان تال میل اہم ہوگا:راجناتھ

سیاست 20 hrs ago

نئی دہلی، 12 نومبر (یو این آئی) وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے جمعرات کو کہا کہ تیزی سے تبدیل ہوتی جنگی ٹیکنالوجی اور نئے سکیورٹی خطرات کے پیش نظر ہندوستانی مسلح افواج کو اپنی جارحانہ اور دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ہوگا۔ یہاں فضائیہ کے اعلیٰ کمانڈروں کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ مستقبل کی جنگ میں دشمن کو جوابی حملے کا موقع نہ دینا اور خود ہر غیر متوقع حملے کے لیے تیار رہنا انتہائی ضروری ہوگا۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے خفیہ نگرانی، تکنیکی برتری اور تینوں افواج کے درمیان بہتر تال میل پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید جنگیں اب روایتی میدانِ جنگ تک محدود نہیں رہ گئی ہیں۔ میزائل، ڈرون اور جدید ہتھیاروں کے نظام جنگ کا رخ بدل رہے ہیں۔ انہوں نے کامیکازی ڈرون، نگرانی اور ڈرون مخالف کارروائیوں جیسے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ سنگھ نے فضائیہ کو الیکٹرانک، سائبر اور خلائی شعبوں میں جنگ کی نئی حکمت عملی اور نظام تیار کرنے کی ضرورت بتائی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کی کامیابی کا فیصلہ صرف طیاروں کی تعداد سے نہیں ہوگا، بلکہ تکنیکی صلاحیت، ردعمل کی رفتار اور درست تیاری بھی فیصلہ کن ثابت ہوں گے ۔ وزیر دفاع نے آپریشن سندور کے دوران اور اس کے بعد فضائیہ کی کارکردگی کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ اس کارروائی میں بری فوج، بحریہ اور فضائیہ کے درمیان بہتر تال میل دیکھنے کو ملا۔ اس آپریشن سے حاصل ہونے والے اسباق کی بنیاد پر ڈرون اور فضائی دفاعی نظام پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: The Siaset Daily Urdu