چین میں 148 ملین ذیابیطس کے مریض، ہندوستان 89 ملین کے ساتھ دوسرے مقام پرحیدرآباد، 13 نومبر (سیاست نیوز) ہر سال 14 نومبر کو عالمی یومِ ذیابیطس کے طور پر منایا جاتا ہے، جس میں شکر کے مرض کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر اور نئی سائنسی تحقیق کا انکشاف کیا جاتا ہے۔ ذیابیطس، جسے عام فہم انداز میں شوگر کہا جاتا ہے، اس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ دنیا کے کئی ممالک شوگر کے مریضوں کی تعداد میں اضافے سے الجھن کا شکار ہیں، اور انہوں نے عوام کو اپنے روزمرہ کے معمولات میں تبدیلی کا مشورہ دیا ہے۔ دنیا میں سب سے زیادہ شوگر کے مریض چین میں ہیں، جہاں مریضوں کی تعداد 148 ملین ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس معاملے میں ہندوستان دوسرے نمبر پر ہے۔ ہندوستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد 89.8 ملین ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ چین اور ہندوستان کے لیے ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ایک ہیلتھ چیلنج سے کم نہیں ہے۔ امریکہ میں شوگر کے مریضوں کی تعداد 38.5 ملین ریکارڈ کی گئی، اور یہ تیسرے مقام پر ہے۔ کم آبادی کے باوجود پاکستان 34.5 ملین مریضوں کے ساتھ چوتھے مقام پر ہے۔ انڈونیشیا اور برازیل میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد علی الترتیب 20.4 ملین اور 16.6 ملین ریکارڈ کی گئی۔ دنیا کے ایسے 10 ممالک کی نشاندہی کی گئی جہاں شوگر کے مریضوں کی تعداد زیادہ ہے۔ اس فہرست میں انڈونیشیا، برازیل، بنگلہ دیش، میکسیکو، مصر اور جاپان شامل ہیں۔ برازیل میں 16.6 ملین شوگر کے مریض ہیں، جبکہ بنگلہ دیش میں مریضوں کی تعداد 13.9 ملین ریکارڈ کی گئی۔ میکسیکو میں 13.6 ملین، مصر میں 13.2 ملین اور جاپان میں 10.8 ملین شوگر کے مریض پائے جاتے ہیں۔ عالمی یومِ ذیابیطس کے موقع پر ہر سال اس مرض پر قابو پانے کے لیے کی جانے والی مختلف ریسرچ کے نتائج عوام کے روبرو پیش کیے جاتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس مرض کی کئی وجوہات ہیں، جن میں تھکاوٹ اور ذہنی الجھن بھی شامل ہیں۔ ڈاکٹرس نے اس مرض پر قابو پانے اور اسے کنٹرول میں رکھنے کے لیے معمولاتِ زندگی میں تبدیلی کا مشورہ دیا ہے۔1

