رام پور 23 مئی (ایجنسیز) سماج وادی پارٹی رہنما اعظم خان کو عدالت سے بڑا جھٹکا لگا ہے۔ رام پور کی ایم پی ۔ ایم ایل اے سیشن کورٹ نے دو پین کارڈ مقدمات میں ان کی سزا بڑھاکر 7 سال سے 10 سال قید کر دی ہے۔ عدالت نے ان پر جرمانے کی رقم بھی 50 ہزار روپئے سے بڑھا کر 5 لاکھ روپے کر دی۔اسی معاملے میں ان کے بیٹے اور سابق رکن اسمبلی عبداللہ اعظم خان کی 7 سال قید کی سزا برقرار رکھی گئی ہے، البتہ جرمانے کی رقم 50 ہزار روپئے سے بڑھا کر ساڑھے 3 لاکھ روپئے کر دی گئی ہے۔واضح رہے کہ 17 نومبر کو ایم پی ۔ ایم ایل اے مجسٹریٹ کورٹ نے عبداللہ اعظم کے دو مبینہ پین کارڈ معاملات میں اعظم خان اور عبداللہ اعظم دونوں کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ بعد ازاں استغاثہ نے سزا میں اضافہ کیلئے سیشن کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ آج عدالت نے اپیل منظور کرکے اعظم خان کی سزا میں اضافہ کر دیا۔سیاسی حلقوں میں اس فیصلے کو اعظم خان کیلئے ایک اور قانونی دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ دنوں میں ان کے خلاف دیگر مقدمات میں بھی کارروائی تیز ہو سکتی ہے۔دوسری جانب، 2019 کے لوک سبھا انتخابات کے دوران متنازعہ بیان کے معاملے میں بھی اعظم خان کو سزا سنائی جا چکی ہے۔ عدالت نے اس کیس میں انہیں دو سال قید اور 20 ہزار روپے جرمانے کی سزا دی تھی۔یہ مقدمہ اس وقت درج ہوا تھا جب رام پور کے بھوٹ تھانہ علاقے میں ایک انتخابی روڈ شو کے دوران اعظم خان کا متنازعہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا۔

