کبڈی ٹیم کی میزبان جاپان کیخلاف شاندار جیت۔ بیڈمنٹن، ویمنس ہاکی، ٹیبل ٹینس میں بھی کامیابیآئیچی ناگویا، 21 ستمبر (یو این آئی) ہمانشو ڈھلوں نے نشانہ بازی میں شاندار کارکردگی جاری رکھتے ہوئے ایشیائی کھیلوں میں پیر کو 2 چاندی کے تمغے جیتے ، جبکہ رودراکْش پاٹل نے کانسہ کا تمغہ جیت کر ان کے ساتھ پوڈیم پر جگہ بنائی۔ مردوں کی کبڈی ٹیم نے جاپان کو 49-24 سے شکست دے کر اپنے خطاب کے دفاع کی مہم کا شاندار انداز میں آغاز کیا۔ مردوں کی بیڈمنٹن ٹیم نے بنگلہ دیش کو 3-0 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ ہندوستان کی خواتین نے اپنے دوسرے پول بی میچ میں انڈونیشیا کو 17-1 سے ہرا دیا۔ ٹیبل ٹینس میں پاکستان کو 3-0 سے شکست دے کر خواتین کی ٹیم راؤنڈ آف 16 میں پہنچ گئی۔ ہمانشو اور رودراکْش نے پارتھ مانے کے ساتھ مل کر آئیچی پریفیکچرل جنرل شوٹنگ گیلری میں مردوں کے 10 میٹر ایئر رائفل ٹیم مقابلے میں بھی چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ آج حاصل کیے گئے ان 3 تمغوں کے ساتھ ایشیائی کھیل 2026 میں نشانہ بازی میں ہندوستان کے کل تمغوں کی تعداد بڑھ کر 6ہو گئی۔ نشانہ بازی کے مقابلوں کے پہلے دن ایلاوینیل والاریون اور ہندوستانی خواتین کی 10 میٹر ایئر رائفل ٹیم نے چاندی کے تمغے جیتے تھے ۔ مردوں کے 10 میٹر ایئر رائفل انفرادی فائنل میں ہمانشو نے سخت مقابلے میں رودراکْش کو 0.1 پوائنٹ سے پیچھے چھوڑ دیا۔ ہمانشو نے 252.4 کا اسکور کیا، جبکہ موجودہ اولمپک چمپئن اور دنیا کے نمبر 1 کھلاڑی، چین کے شینگ لی ہاؤ نے 233.0 کے اسکور کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا اور کامیابی کے ساتھ اپنے ایشیائی کھیلوں کے خطاب کا دفاع کیا۔ ہندوستانی مردوں کی کبڈی ٹیم نے اپنے خطاب کے دفاع کا آغاز گروپ اے میں میزبان جاپان کے خلاف 49-24 کی شاندار جیت کے ساتھ کیا۔ کپتان سنیل کمار کی قیادت میں ہندوستان نے ابتدائی سیٹی سے ہی اپنا دباؤ قائم رکھا۔ آشو ملک کی 3 پوائنٹس کی سپر ریڈ نے شروع میں ہی میچ کا رخ طے کر دیا۔ اس کے بعد پی کے ایل کے مشہور ریڈرز ارجن دیشوال، دیوانک دلال اور آیان لوچاب نے مسلسل دباؤ بنائے رکھا، جس سے ہندوستانی ٹیم نے میچ پر مضبوط گرفت بنا لی۔ ہندوستان منگل کو اپنے دوسرے گروپ میچ میں جنوبی کوریا کا سامنا کرے گا۔ ہر گروپ کی 2 سرفہرست ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔ سوچیکا تریال نے خواتین کے روایتی 60 کلوگرام وزن کے زمرہ کے مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے ) میں تاریخی کانسی کا تمغہ جیتا۔ اس کے ساتھ ہی وہ اس مقابلے میں تمغہ جیتنے والی پہلی ہندوستانی بن گئیں۔ آج یہاں 36سالہ ہندوستانی فائٹر کو ناگویا سٹی اِنائے اسپورٹس سنٹر میں ہوئے سخت سیمی فائنل مقابلے میں سنگاپور کی ٹیو ہوئی ہون سے 2-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

