ماؤنٹ مونگانوئی،13 نومبر (آئی اے این ایس) میٹ ہنری نے ہندوستانی ٹاپ آرڈرکو پہلے اوور ہی میں تین وکٹیں حاصل کرتے ہوئے تہس نہس کردیا اور اپنے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 27 رنزکے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی تباہ کن بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے بے اوول میں کھیلے گئے چوتھے ونڈے میں ہندوستان کو244 رنزکے بڑے فرق سے شکست دے دی۔ 334 رنزکے ہدف کے تعاقب میں ہندوستانی ٹیم 26.4 اوورز میں محض 89 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ ونڈے کرکٹ میں یہ ہندوستان کی دوسری سب سے بڑی شکست ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ نیوزی لینڈ نے پانچ میچوں کی سیریز میں ہندوستان کی برتری 2-1 کردی ہے اور اب سیریزکا فیصلہ کن مقابلہ اتوارکو اسی میدان پر کھیلا جائے گا۔ ہندوستانی بیٹرس کے لیے 13 تاریخ کا جمعہ انتہائی مایوس کن ثابت ہوا، کیونکہ ایشان کشن، اکشر پٹیل اور نمن دھیرکے علاوہ کوئی بھی بیٹر دوہرے ہندسے تک نہیں پہنچ سکا۔اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ول ینگ کی شاندار سنچری اور ٹم سیفرٹ کی جارحانہ نصف سنچری کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 333 رنز بنائے۔ ول ینگ نے ابتدائی مواقع ملنے کے بعد 108 گیندوں پر125 رنزکی اننگز کھیلی، جبکہ سیفرٹ نے 48 گیندوں میں 58 رنز بنائے۔ ہندوستانی کپتان شریاس ایر نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔ میزبان ٹیم نے آخری 10 اوورز میں چار وکٹیں گنوائیں، اس کے باوجود میدان کے اوسط ابتدائی اسکور سے کہیں زیادہ رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ ینگ کی 125 رنز کی اننگز میں 14 چوکے اور4 چھکے شامل تھے۔ یہ ان کی پانچویں ونڈے سنچری اور ہندوستان کے خلاف پہلی سنچری ۔ سیفرٹ نے اپنی اننگز میں 6 چوکے اور 3 چھکے لگائے۔ ہندوستان کی جانب سے اکشر پٹیل، گرنور برار اور عاقب نبی نے فی کس 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ارشدیپ سنگھ اور نمن دھیرکو ایک، ایک وکٹ ملی۔ دورے کا اپنا پہلا میچ کھیلنے والے کلدیپ یادوکوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے اور8 اوورز میں 73 رنز دے بیٹھے۔ ینگ نے ارشدیپ کے پہلے اوور کی آخری گیند پر خوبصورت چوکا لگاکر نیوزی لینڈ کی اننگز کا آغاز کیا۔ اس کے بعد سیفرٹ نے عاقب نبی کی گیند پر چوکا لگایا اور نو بال کے نتیجے میں ملنے والی فری ہٹ پر زوردار چھکا جڑ دیا۔ اسی اوور میں ہندوستانی فیلڈرز نے دو اہم مواقع گنوائے۔

