ملبے میں مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ'دیگر ریاستوں میں بھی مانسون سرگرم
نئی دہلی۔9؍جولائی ( ایجنسیز ) دہلی میں مسلسل بارش کے دوران چہارشنبہکی شام روہنی کے سیکٹر 16 میں ایک چار منزلہ عمارت اچانک منہدم ہو گئی جس کے نتیجے میںتین افراد کی موت ہو گئی جبکہ متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حادثے کے بعد علاقے میں افراتفری مچ گئی اور راحت و بچاؤ کی ٹیموں نے فوری طور پر کارروائی شروع کر دی۔یہ حادثہ روہنی سیکٹر 16 میں میونسپل اسکول کے قریب پیش آیا۔ اعلیٰ پولیس افسر نے ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک زخمی کو ملبے سے نکال لیا گیا ہے جبکہ خدشہ ہے کہ مزید افراد بھی اندر پھنسے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کے لیے مسلسل کوششیں کی جا رہی تھیں۔عینی شاہدین کے مطابق عمارت اچانک زور دار آواز کے ساتھ زمین بوس ہو گئی ۔حکام نے کہا کہ تحقیقات میں کسی کی غفلت یا لاپروائی ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس وقت یہ بھی واضح نہیں ہے کہ ملبے کے نیچے کتنے افراد موجود ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ جب تک تمام متاثرہ افراد کا سراغ نہیں مل جاتا، اس وقت تک تلاش اور بچاؤ کا عمل بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔ ملک بھر میں مانسون نے زور پکڑ لیا ہے محکمۂ موسمیات کے مطابق 14 جولائی تک ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں شدید بارش کا امکان ہے۔ چنڈی گڑھ میں10 جولائی کو اچھی بارش کے امکانات ہیں۔

