22 اور 23 مئی کو سرٹیفکیٹس کی تصدیق، 174 جائیدادوں پر تقررات کا عمل پہلے ہی مکمل
حیدرآباد۔ 20 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ کے سرکاری میڈیکل کالجس میں اسسٹنٹ پروفیسرس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کرنے کے عمل میں ایک بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے۔ میڈیکل اینڈ ہیلت سرویسیس ریکروٹمنٹ بورڈ نے منگل کو 433 اسسٹنٹ پروفیسرس کی جائیدادوں کے لئے عارضی میرٹ لسٹ کا اعلان کردیا ہے۔ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ہر ایک جائیداد کے لئے تین امیدواروں 1:3 تناسب سے) سرٹیفکیٹ کی تصدیق کے لئے مدعو کیا گیا ہے۔ 22 اور 23 مئی 2026 کو انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر وینگل راؤ نگر حیدرآباد میں ہوگی۔ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ جو امیدوار ناگزیر وجوہات کی بنا پر 22 اور 23 مئی کو حاضر نہیں ہو سکتے وہ 25 مئی 2026 کو حاضر ہو کر اپنے سرٹیفکیٹس کی تصدیق کرواسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال میڈیکل اینڈ ہیلت سرویس ریکروٹمنٹ بورڈ نے سرکاری میڈیکل کالجس کے 34 مختلف شعبہ جات میں جملہ 607 اسسٹنٹ پروفیسرس کی جائیدادوں پر تقررات کے لئے نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ ان میں سے 174 جائیدادوں پر تقررات کا عمل پہلے ہی مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ ماباقی 433 جائیدادوں کے لئے اب یہ عمل جاری ہے۔ بورڈ کے حکام نے بتایا کہ سرٹیفکیٹس کی تصدیق کا عمل کامیابی سے مکمل ہونے کے فوری بعد ملازمتوں کے لئے منتخب ہونے والے ڈاکٹرس کی حتمی لسٹ جاری کردی جائے گی۔ 2؍F

