ریزرو بینک کی مقرر کردہ حد 6 فیصد سے بھی متجاوز ۔ غذائی افراط زر کی شرح بھی 8.94 درج کی گئی
نئی دہلی 12 نومبر ( ایجنسیز ) ملک میں ریٹیل افراط زر کی شرح غیر معمولی اضافہ کے ساتھ 6.09 فیصد تک پہونچ گی ہے جو آر بی آئی کی جانب سے مقرر کردہ اعظم ترین حد سے بھی تجاوز کرگئی ہے ۔ آر بی آئی کی جانب سے ریٹیل افراط زر کی اعظم ترین حد کا تخمینہ 6 فیصد رکھا گیا تھا تاہم اس کو بھی افراط زر کی شرح پار کر گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ اکٹوبر 2024 کے بعد سے یہ سب سے بلند ترین شرح ہے ۔ ماہ ستمبر میں کنزیومر پرائس انڈیکس ریٹیل افراط زر کی شرح 5.54 فیصد درج کی گئی تھی ۔ کہا گیا ہے کہ غذائی افراط زر کی شرح 8.94 فیصد درج کی گئی ہے جو ستمبر کے مہینے میں 7.74 فیصد درج کی گئی تھی ۔ مرکزی وزارت اعداد و شمار اور نفاذ پروگرام کی جانب سے جاری اعداد و شمار میں یہ پتہ چلاہ ے ۔ کہا گیا ہے کہ سب سے زیادہ افراط زر کی وجوہات میں پانچ اشیاء شامل ہیں ان میں پیاز 116.122 فیصد ' لہسن 60.74 فیصد ' چاندی کے زیورات 52.39 فیصد ' ادرک 48.32 فیصد اور لیمو 47.30 فیصد شامل ہیں۔ کہا گیا ہے کہ گذشتہ دو سال میں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ریٹیل افراط زر کی شرح آر بی آئی کی طئے کردہ اعظم ترین حد کو بھی پار کر گئی ہے ۔ ریزر بینک کیلئے یہ ذمہ داری ہے کہ وہ افراط زر کی شرح کو 2 تا 6 فیصد کے د رمیان ہی برقرار رکھے ۔ اکٹوبر 2024 میں ریٹیل افراط زر کی شرح 6.25 فیصد تک پہونچ گئی تھی ۔ کہا گیا ہے کہ ریزرو بینک آف انڈیا کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کا 2 تا 4 ڈسمبر اجلاس ہونے والا ہے اور اس سے قبل ماہ اکٹوبر میں درج کی گئی ریٹیل افراط زر کی شرح اہمیت کی حامل ہے ۔ ریزرو بینک کی جانب سے ماہ اکٹوبر میں بنچ مارک پالیسی کی شرح میں 0.25 فیصد کا اضافہ کیا گیا تھا اور یہ شرح 5.50 فیصد تک پہونچ گئی تھی ۔ گذشتہ چار سال میں یہ پہلی مرتبہ کیا گیا اضافہ تھا جبکہ یہ اشارے مل رہے ہیں کہ افراط زر کی شرح میں اضافہ کے نتیجہ میں مزید اضافے کئے جاسکتے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ روپئے کی قدر میں کمی اور خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ کے بھی اس پر اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ افراط زر کی شرح سے ملک میں مہنگائی کا اندازہ کیا جاسکتا ہے جس سے ملک کے غریب عوام پر زبردست معاشی بوجھ عائد ہو رہا ہے اور وہ روز مرہ کی ضروریات کی تکمیل کیلئے بھی جدوجہد کر رہے ہیں ۔اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھاری اضافہ عوام پر مسلسل معاشی بوجھ عائد کرنے کا سبب بن رہا ہے ۔

