آندھرا پردیش 30ہزار کروڑ کے ساتھ سرِفہرست، گجرات کو دوسرا مقامحیدرآباد، 13 نومبر (سیاست نیوز)۔ سمندر سے حاصل ہونے والی پیداوار، جسے سمندری غذا بھی کہا جاتا ہے، اس کی برآمدات میں آندھرا پردیش ملک میں سرِفہرست ہے۔ عام طور پر ایسی ریاستیں جو ساحلِ سمندر سے مربوط ہیں، وہاں پر سمندر سے مچھلی اور دیگر غذائیں حاصل ہوتی ہیں۔ بحری اشیاء یا سمندر سے حاصل ہونے والی اشیاء کی برآمدات قومی سطح پر 74 ہزار پانچ سو اکیس کروڑ درج کی گئی ہیں۔ آندھرا پردیش اس فہرست میں پہلے نمبر پر ہے، جہاں ہر سال 30255 کروڑ کی برآمدات ہوتی ہیں۔ گجرات کو دوسرا مقام حاصل ہوا ہے، جہاں سمندری پیداوار کی برآمدات 8235 کروڑ ہیں۔ کیرالا 7536 کروڑ کی برآمدات کے ساتھ تیسرے مقام پر ہے۔ مہاراشٹرا سے سمندری پیداوار کی برآمدات 6150 کروڑ ریکارڈ کی گئی ہیں، جبکہ اوڈیشہ میں یہ 5630 کروڑ ہیں۔ کرناٹک اور مغربی بنگال نے بھی سمندری اشیاء کی برآمدات میں نمایاں رول ادا کیا ہے۔ ان ریاستوں میں سمندری پیداوار کی برآمدات بالترتیب 5436 کروڑ اور 5269 کروڑ درج کی گئی ہیں۔ تمل ناڈو سے ہر سال 4519 کروڑ کی سمندری اشیاء کی برآمدات ہوتی ہیں۔ ہندوستان کی ساحلی ریاستوں میں سمندری اشیاء کی برآمدات زیادہ ریکارڈ کی گئی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ تلنگانہ، جو ساحلِ سمندر سے مربوط نہیں ہے، لیکن یہاں سے ہر سال 149 کروڑ کی سمندری اشیاء کی برآمدات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ سمندری اشیاء کی برآمدات کرنے والی دیگر ریاستوں میں پڈوچیری، گوا، دہلی اور اتر پردیش شامل ہیں۔ بہار اور جھارکھنڈ سے بھی معمولی مقدار میں ہی سہی، لیکن سمندری اشیاء کی برآمدات ریکارڈ کی گئی ہیں۔1

