مہاراشٹرا 12.5 ملین کے ساتھ سرفہرست ، مہنگائی میں اضافہ کے نتیجہ میں گاڑیوں کے استعمال میں کمیحیدرآباد ۔21۔ مئی (سیاست نیوز) پٹرولیم کی قیمت میں روز افزوں اضافہ کے نتیجہ میں متوسط طبقات کے مقررہ ماہانہ اخراجات پر اضافی بوجھ عائد ہورہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عوام بالخصوص متوسط طبقات اپنی ذاتی گاڑیوں کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کو ترجیح دے رہے ہیں۔ سرکاری ملازمین اور ملٹی نیشنل کمپنیوں میں کام کرنے والے پروفیشنلس نے دفاتر کی مسافت طئے کرنے کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ کے ذرائع استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ دنوں ہندوستان میں پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال پر سروے کیا جائے جس میں انکشاف ہوا کہ ہندوستان بھر میں روزانہ 85 ملین افراد پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کر رہے ہیں۔ ایسی ریاستیں جہاں گاڑیوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، وہاں ٹریفک مسائل سے بچنے کیلئے عوام پبلک ٹرانسپورٹ خاص طورپر میٹرو اور لوکل ٹرین کا استعمال کر رہے ہیں۔ ہندوستان کے میٹرو شہروں میں بڑھتی آبادی نے ٹریفک مسائل میں اضافہ کردیا ہے۔ مہاراشٹرا میں روزانہ 12.5 ملین افراد پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کرتے ہیں۔ زائد آبادی اور معاشی ترقی کے شہروں میں عوام کو پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کو ترجیح دیتے ہوئے پایا گیا۔ اترپردیش میں 8.2 ملین ، دہلی 7.8 ملین اور مغربی بنگال میں 6.9 ملین افراد پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کر رہے ہیں۔ سروے کے مطابق کم آبادی والے شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کا رجحان کم ہے۔ آندھراپردیش میں 3.9 ملین افراد روزانہ پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعہ سفر کرتے ہیں۔ تلنگانہ میں پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد 2.9 ملین درج کی گئی۔ کرناٹک میں 5.2 ملین اور ٹاملناڈو میں 5.8 ملین افراد کی ترجیح پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم ہے۔ بہار میں 6.1 ملین اور مدھیہ پردیش اور راجستھان میں علی الترتیب 3.7 ملین اور راجستھان میں 3.2 ملین افراد روزانہ پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کر رہے ہیں۔ گجرات میں 4.5 ملین اور پنجاب میں 2.4 ملین افراد روزانہ پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کر رہے ہیں۔1/k

