بیجنگ،23 مئی (یو این آئی) چین کے شمالی صوبے شانزی میں کوئلے کی کان میں گیس دھماکے سے 90 مزدور ہلاک ہوگئے ۔ چینی سرکاری ٹی وی کے مطابق شمالی چین میں واقع کوئلے کی ایک کان میں گیس دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 90 کان کن ہلاک ہو گئے ہیں۔ میڈیا کے مطابق یہ گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے میں ملک کا سب سے مہلک مائننگ حادثہ ہے ۔ رپورٹ کے مطابق صوبہ شانسی کی اس کان میں ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے اور ہلاکتوں کی حتمی تعداد کا تعین کیا جا رہا ہے ، جبکہ اب بھی 9 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے ۔ خبر رساں ادارے ژنہوا کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے لاپتہ افراد کو تلاش کرنے ہمہ وقت ریسکیو آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور واقعہ کی تحقیقات کر کے قانون کے مطابق ذمہ داران کا تعین کرنے کا حکم دیا ہے ۔ رپورٹس کے مطابق یہ دھماکہ چانگ ژی شہر میں واقع ‘لیوشینیو’ کوئلہ کان کے اندر کاربن مونو آکسائیڈ گیس کی سطح حد سے زیادہ بڑھنے کے باعث پیش آیا۔ مقامی ڈیزاسٹر مینجمنٹ بیورو نے تصدیق کی کہ 400 سے 500 افراد پر مشتمل امدادی ٹیمیں زمین کے نیچے ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں اور صوبائی سطح کے اعلیٰ حکام بھی موقع پر پہنچ چکے ہیں۔ دوسری جانب مائننگ کمپنی کے نمائندے نے اس صورتحال پر لاعلمی کا اظہار کیا ہے ۔

