Wednesday, 02 Dec, 1.08 am سیاست

کھیل
ہند۔پاک سیریز کیلئے ہم کچھ نہیں کرسکتے :آئی سی سی

دبئی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کے نومنتخب چیئرمین گریگ بارکلے نے کہا ہے کہ وہ ہندوستان اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کو تسلسل کے ساتھ ایک دوسرے سے کھیلتے دیکھنا چاہتے ہیں لیکن اس ضمن میں کوئی کردار ادا کرنا ان کا فیصلہ نہیں۔ گزشتہ ہفتے آئی سی سی چیئرمین منتخب ہونے والے نیوزی لینڈ کے گریگ بارکلے نے ایک انٹرویو میں کہا کہ عالمی ایونٹس کا سلسلہ اور معیار برقراررکھنے کے حق میں ہوں لیکن رکن ممالک کے درمیان باہمی سیریز کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ہند ۔ پاک کرکٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ہندوستان اور پاکستان کی ٹیموں کو بھی آپس میں تسلسل کے ساتھ کھیلتا دیکھنا چاہتا ہوں لیکن اس ضمن میں کوئی کردار ادا کرنا میری صوابدید نہیں۔انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ روابط کی جلد بحالی کے حوالے سے کہا کہ کچھ چیزیں کرکٹ سے بالاتر ہوتی ہیں لیکن آئی سی سی دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ تعلقات کی بحالی کے لئے اپنی ہر ممکن کوشش کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ میرے لئے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کرکٹ تعلقات کی بحالی سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں لیکن مجھے اس بات کا بھی اندازہ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سیریز نہ ہونے میں سیاسی اور زمینی حقائق کا عمل دخل ہے۔گریگ بارکلے نے کہا کہ آئی سی سی میں ہم یہ کر سکتے ہیں کہ ہندوستان اور پاکستان کو ایک ایسے مقام تک لے آئیں جہاں وہ مستقل بنیادوں پر کرکٹ کھیل سکیں۔ میں اس سے زیادہ کچھ نہیں کر سکتا کیونکہ یہ میرا فیصلہ نہیں یہ سب کچھ ہمارے اختیار سے باہر ہے۔آئی سی سی چیئرمین نے کہا کہ ہرکوئی ایک بڑے رکن کے طور پر ہندوستان کی اہمیت سے آگاہ ہے لیکن ہم اس کو دیگر اراکین کی طرح ہی سمجھتے ہیں۔پاکستان اور ہندوستان کے درمیان 2007 میں ہندوستان میں کھیلی گئی کرکٹ سیریز کے بعد سے کوئی باقاعدہ مکمل کرکٹ سیریز نہیں کھیلی گئی۔ہندوستان کو اس کے بعد اگلی سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان آنا تھا لیکن 2008 میں ممبئی حملوں کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات کے ساتھ کرکٹ تعلقات بھی متاثر ہوئے اور اس کے بعد متعدد کوششوں کے باوجود کوئی مکمل سیریز نہیں کھیلی جا سکی۔2012-13 میں دونوں ملکوں کے درمیان ایک مختصر ونڈے اور ٹی20 سیریز کھیلی گئی تھی۔کوشوں کے باوجود ہندوستان نے دوطرفہ سیریز کے معاملے پر سردمہری برقرار رکھی اور اب تک 13 برس گزرنے کے باوجود دونوں ملکوں کے درمیان کوئی مکمل دوطرفہ سیریز نہیں ہو سکی۔

Dailyhunt
Disclaimer: This story is auto-aggregated by a computer program and has not been created or edited by Dailyhunt. Publisher: The Siaset Daily Urdu
Top