شہر
آر ٹی سی بس کرایوں میں اضافہ کا امکان
چیف منسٹر چندر شیکھر راو کا جائزہ اجلاس، عہدیداروں نے دو تجاویز پیش کیں
حیدرآباد : تلنگانہ میں آر ٹی سی کی شرحوں میں اضافہ کا قوی امکان ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے آج پرگتی بھون میں آر ٹی سی پر جائزہ اجلاس طلب کیا جس پر عہدیداروں نے انہیں ایک رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ لاک ڈاؤن ، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ، ماضی کے بقایا جات سے کارپوریشن پر مالی بوجھ بڑھ گیا ہے ۔ ساتھ ہی ملازمین کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا جارہا ہے ۔ ان سب کی تکمیل کیلئے اور آر ٹی سی کو خسارے سے باہر نکالنے کیلئے دو ہی صورتیں ہیں ، حکومت بڑے پیمانے پر مالی تعاون کرے ۔ دوسرا آر ٹی سی بسوں کے کرایوں میں اضافہ کیا جائے ۔ اس اجلاس میں ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار ، چیف سکریٹری سومیش کمار ، محکمہ ٹرانسپورٹ کے پرنسپل سکریٹری سنیل شرما ، محکمہ فینانس کے چیف سکریٹری راما کرشنا راؤ کے علاوہ دوسرے عہدیدار موجود تھے ۔ عہدیدار نے چیف منسٹر کو بتایا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے ۔ کورونا کی وجہ سے نافذ کردہ لاک ڈاون اور ماضی کے بقایا جات کی وجہ سے آر ٹی سی خسارے میں چل رہی ہے ۔ اگر آر ٹی سی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جارہا ہے تو مزید مالی بوجھ بڑھ جائے گا ۔ حکومت مالی امداد فراہم کرے یا آر ٹی سی شرحوں میں اضافہ کریں تبھی مالی بوجھ کم ہوگا ۔ سابق میں جب آر ٹی سی کرائیے میں اضافہ ہواتھا تب ڈیزل 67 روپئے فی لیٹر تھا ۔ ڈیزل کی قیمت میں اب 15 روپئے اضافہ ہوگیا ہے ۔ کے سی آر نے آر ٹی سی کارگو سرویس کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کیا اور عہدیداروں کی ستائش کی ۔ کارگو سرویس سے 17.72 لاکھ پارسل ایک مقام سے دوسرے مقامات تک پہنچائے گئے ۔ اس سے آر ٹی سی کو 22.61 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی ہے۔