Thursday, 25 Feb, 2.04 am سیاست

جرائم
کینسر مریض کو دھوکہ، علی قادری کو عدالتی تحویل

حیدرآباد۔ چیف منسٹر ریلیف فنڈ کے نام پر ایک کینسر کے مریض کو دھوکہ دیتے ہوئے 2 لاکھ روپئے ہڑپنے کے مقدمہ میں نامپلی کریمنل کورٹ نے سید غلام صمدانی عرف علی قادری کو 14 دن کی عدالتی تحویل میں دے دیا۔ چارمینار پولیس نے کل علی قادری کو دھوکہ دہی کے کیس میں گرفتار کیا تھا اور آج صبح عدالت میں پیش کیا گیا۔حسینی علم پولیس نے بھی آج علی قادری کے خلاف ایک نیا دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس کے بموجب پرانے شہر کے علاقہ شاہ گنج سے تعلق رکھنے والے فیروز خان نے ڈسمبر سال 2018 میں اپنے مکان کے تنازعہ کی یکسوئی کیلئے علی قادری کو مبینہ طور پر 20 لاکھ روپئے حوالے کئے تھے اوراس معاملہ کی یکسوئی نہ ہوسکی۔ مسلسل اصرار کرنے پر علی قادری نے 10 لاکھ روپئے واپس لوٹائے جبکہ باقی 10 لاکھ روپئے دینے کا مطالبہ کرنے پر فیروز خان کو دھمکایا گیا۔ پولیس حسینی علم نے اس سلسلہ میں دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کیا ہے۔ ساؤتھ زون پولیس نے سید غلام صمدانی علی قادری کی گرفتاری کے سلسلہ میں ایک بیان جاری کیا ہے جس میں یہ کہا گیا ہے کہ گرفتار ملزم خود کو اثر و رسوخ رکھنے والے افراد سے تعلق ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے معصوم عوام کو معاملات کی یکسوئی کے نام پر دھوکہ دے رہا تھا۔گرفتار علی قادری کو چنچل گوڑہ جیل منتقل کردیا گیا ہے۔

Dailyhunt
Disclaimer: This story is auto-aggregated by a computer program and has not been created or edited by Dailyhunt. Publisher: The Siaset Daily Urdu
Top