Friday, 17 Sep, 12.00 am سیاست

اضلاع کی خبریں
خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے جدوجہد

ایمان کمیٹی محبوب نگر کے وفدکی مولاناخالد سیف اللہ رحمانی سے ملاقات اور مختلف تجاویز پیش

محبوب نگر :۔ ایمان کمیٹی محبوب نگر جو گھوڑے جوڑے اور بے جا مطالبات کے خلاف مسلسل سرگرم عمل ہے۔ آج ایک اور قدم اُٹھاتے ہوئے کمیٹی کے ذمہ داران نے حیدرآباد میں مولانا خالد سیف اللہ رحمانی سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈاور حافظ پیر خلیق احمد صابری جمعیۃ علماء ہند تلنگانہ و آندھرا کے جنرل سکریٹری سے ملاقات کرتے ہوئے تجاویز پر مشتمل یادداشت حوالے کی اور بتایا گیا کہ ایک بیوی کے رکھتے ہوئے اس کے شوہر کا دوسرا نکاح پڑھانے سے قبل مقامی قاضی اس بات کی تحقیق کرلیں کہ ان کی پہلی بیوی کہاں اور کس حال میں ہے ، کہیں وہ ناانصافی کا شکار تو نہیں ہے ۔ شریعت میں مرد کو ایک سے زائد نکاح کی اجازت ہے تو وہیں بیویوں کے ساتھ عدل و انصاف کا حکم بھی ہے چاہے بیوی خلع لے یا شوہر طلاق دے دونوں صورتوں میں بیوی سے لیا گیا سارا پیسہ ، سامان اور اس کے کئے گئے تمام اخراجات کی رقم بیوی کو واپس لوٹائی جائے ۔ مولانا نے ذمہ داران کمیٹی کو تیقن دیا کہ وہ بہت جلد ان دونوں تجاویز کو وقف بورڈ کے ساتھ بات چیت میں لاکر ایک ترتیب بنائیں گے اور بتایا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر لڑکیوں کے تحفظ کیلئے فاسٹ ٹریک کورٹ قائم کر کے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ذریعے ریاستی حکومت سے اس کا مطالبہ کیا جائیگا ۔ حفاظ پیر خلیق احمد صابری نے بھی وفد کو اطمانان دلایا کہ تلنگانہ و آندھرا کے تمام مکاتب فکر اور ریاست کے متعلقہ عہدیداران تک تجاویز پہونچائیں گے اور خود بھی ممکنہ تعاون پیش کریں گے ۔ اس وفد میں ایمان کمیٹی کے بانی و صدر محمد سلیم ، کارگزار صدر سید عبدالوحید شاہ قادری ، محمد محبوب کونسلر بلدیہ ، عبد اللہ سنی ، محمد نعیم الدین و دیگر موجود تھے ۔

Dailyhunt
Disclaimer: This story is auto-aggregated by a computer program and has not been created or edited by Dailyhunt. Publisher: The Siaset Daily Urdu
Top