Thursday, 25 Feb, 2.04 am سیاست

جرائم
ایڈوکیٹ پر قاتلانہ حملہ میں ملوث 4 ملزمین گرفتار

حیدرآباد۔ وکیل پر قاتلانہ حملہ میں ملوث 4 ملزمین کو نارائن گوڑہ پولیس نے گرفتار کرلیا۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس سنٹرل زون مسٹر پی وشوا پرساد نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 16 فروری کو ایڈوکیٹ سدھارتھ سنگھ چودھری پر چار خاطیوں گھنشام بالاجی سنگھ، محمد ولی، محمد وسیم انصاری اور شیخ سلیمان نے خنجر سے حملہ کرتے ہوئے بندوق سے دھمکایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں پولیس نارائن گوڑہ نے ایک مقدمہ درج کیا تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حملہ کے روز چار مذکورہ افراد وکیل کے دفتر پہنچے اور ان پر حملہ کردیا۔ پولیس عہدیدار نے کہا کہ اس حملہ کا کلیدی ملزم بالاجی سنگھ ہے جو ونٹیج گاڑیوں کا کاروبار کرتا ہے اور اس کے لئے فینانس بھی کرتا ہے اور رئیل اسٹیٹ کاروبار میں بھی سرگرم ہے اور ایک سیول کیس میں بالاجی سنگھ نے ایڈوکیٹ سدھارتھ سنگھ چودھری کو اپنا وکیل مقرر کیا تھا اور اس کے عوض ایک لاکھ روپئے فیس بھی ادا کی تھی۔ مقدمہ زیر دوراں رہنے کے دوران اوپر پلی عطا پور کی ایک اراضی میں بالاجی سنگھ نے سرمایہ کاری کی تھی۔ اس اراضی کے معاملت میں بالاجی سنگھ نے 12 لاکھ روپئے بطور کمیشن حاصل کرنے کی کوشش کی تھی لیکن اس اراضی کو فروخت کردیا گیا تھا۔ کلیدی ملزم نے وکیل سے اس معاملت میں انتقام لینے کی غرض سے دیسی ساختہ بندوق، اسلحہ اور خنجر حاصل کیا اور ان کے دفتر حمایت نگر اسٹریٹ نمبر 7 پر حملہ کردیا۔ پولیس نے اس کیس میں سی سی ٹی وی کیمروں کے فوٹیج کے ذریعہ ملزمین کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھا کئے۔

Dailyhunt
Disclaimer: This story is auto-aggregated by a computer program and has not been created or edited by Dailyhunt. Publisher: The Siaset Daily Urdu
Top