تلنگانہ کے ضلع سنگاریڈی میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں بیوی نے مبینہ طور پر اپنے آشنا کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کردیا۔ یہ واقعہ نارائن کھیڑ منڈل کے گنگاپور گاؤں میں پیش آیا۔
پولیس اور مقامی افراد کے مطابق مقتول متیام ریڈی اپنی بیوی کے ناجائز تعلقات میں رکاوٹ بن رہا تھا۔ اسی وجہ سے خاتون نے اپنے آشنا چنٹو کے ساتھ مل کر شوہر کو راستے سے ہٹانے کی سازش رچی۔
پولیس کے مطابق دونوں نے مل کر متیام ریڈی کو قتل کیا اور بعد ازاں جے سی بی کے ذریعے گڑھا کھود کر لاش دفن کردی۔ واردات کے بعد خاتون نے شوہر کے لاپتہ ہونے کی شکایت بھی پولیس میں درج کروائی تاکہ شک سے بچ سکے۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی۔ دورانِ تحقیقات سخت پوچھ تاچھ پر خاتون اور اس کے آشنا نے 9 دن بعد جرم قبول کرلیا۔ پولیس نے دونوں ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی ہے۔

